بلوچستان کے سلگتے مسائل کے حل کے لیے تمام لاپتہ افراد کو بازیاب کیا جائے، نیشنل پارٹی

کوئٹہ:نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان نے جاری بیان میں کہا ہے کہ چند روز سے لاپتہ افراد کا بازیاب ہونے کا عمل خوش آئند ہے اس تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے اور بلوچستان کے سلگتے ہوئے مسلے کے حل میں تمام لاپتہ افراد کو بازیاب کرایا جائے۔اور ان کو اپنے پیاروں سے ملوایا جائے۔ماوں اور بہنوں کے آنسو پونچھنے کا سبب بناجائے۔باپ کی امیدوں کو بارآور کیا جائے اور مذید ماورائے قانون گرفتاریوں کی منفی پالیسی کو بند و ختم کیا جائے۔نیشنل پارٹی نے روز اول سے اصولی موقف رکھتے ہوئے واضح کیا کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے اور سیاسی مسائل کا واحد حل سیاسی مذاکرات ہے۔جس پر عمل کرنے کا آغاز نیشنل پارٹی نے اپنے دور حکومت میں پارٹی قائد ڈاکٹر مالک بلوچ نے کیا تھا۔اس کو دوبارہ میں عمل میں لاکر شروع کیا جائے۔بیان میں کہا گیا کہ ملک کا آئین و قانون انسانی آزادی کا حق دیتا ہے۔ناانصافی ظلم و معاشی و سماجی نابرابری کے خلاف آواز بلند کرنا ہر شہری کے شعور کا تقاضا ہے۔ماوارئے قانوں اقدامات پر تنقید کرنا قانوں کی خلاف ورزی نہیں بلکہ قانوں کی پاسداری ہے۔بیان میں کہا گیا کہ کسی کی آواز دبانے کے لیے اس کو جبری طور پر گمشدہ کرنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔کسی کی آواز ذبردستی دبانے یا کسی کو ماورائے قانون لاپتہ کرنا مسلے کا حل نہیں بلکہ بگاڑ کا سبب بنتا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ضرورت ہے بلوچستان کے حوالے سے منفی پالیسیوں کے خاتمے کا۔ضرورت ہے تمام لاپتہ افراد کو بازیاب کرانے کا۔ضرورت ہے بلوچستان میں مذاکرات کے آغاز کا۔ضرورت ہے بلوچ قوم کی حق حاکمیت و اختیار کی بحالی کا۔ضرورت ہے ملک میں برابری کا۔ضرورت ہے ملک میں فلاحی ریاست کے قیام کا۔اور اس کیلیے ریاست کو ذمہداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اقدام کرنا ہوگا۔کیونکہ ریاستیں آئین سے متصادم اور ناانصافی سے نہیں چلتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں