بیرسٹر سیف زبان کو لگام دیں، علی امین گنڈاپور اڈیالہ جیل شفٹ ہوجائیں، عظمیٰ بخاری

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو اڈیالہ جیل میں شفٹ ہونے کا مشورہ دے دیا۔ بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کی رہنما عظمی بخاری نے کہا کہ بیرسٹر صاحب اپنی زبان کو لگام دیں ورنہ ہمیں لگام ڈالنی آتی ہے، حرکتیں خیبر پختونخوا کی حکومت کی ٹک ٹاکرز، بدمعاشوں اور غنڈوں جیسی ہیں، بے شرمی، بے حیائی اور زبان درازی میں فتنہ پارٹی کا کوئی ثانی نہیں۔ عظمی بخاری نے کہا کہ جن کی حکومت اڈیالہ سے چل رہی ان کو مریم نواز کی حکومت پر انگلیاں اٹھاتے شرم نہیں آتی؟ مریم نواز پنجاب میں ڈلیور کر رہی ہیں، اصل تکلیف یہی ہورہی، مریم نواز لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کر رہی ہیں، ان سے کارکردگی میں مقابلہ کریں زبان درازی میں نہیں، مریم نواز پنجاب کے تمام طبقات کے لیے بلا تفریق اقدامات اٹھا رہی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے لے کر ان کے چمچوں تک سب ایک ہی سانچے میں تیار کیے گئے، پوری جماعت کے ایک بھی فرد کی آنکھوں میں حیا نہیں، ان کے منہ میں جو آتا ہے وہ فورا مغلظات کی شکل میں باہر نکال دیتے ہیں۔ وزیراطلاعات پنجاب نے یہ بھی کہا کہ پختونوں نے آپ کو زبان درازی اور چرب زبانی کے لیے ووٹ نہیں دیے، پنجاب میں جو سہولیات مریم نواز لوگوں کو فراہم کررہی وہ پختونوں کا بھی حق ہے، پختونوں کو وہ وزیراعلیٰ ملا جس کو اڈیالہ جیل سے فرصت ہی نہیں ملتی، علی امین گنڈاپور کو چاہیے مستقل اڈیالہ جیل میں ہی شفٹ ہو جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں