سوراب اور بسیمہ کے درمیان مسلح افراد کی بسوں پر فائرنگ، خاتون سمیت 2 مسافر زخمی، ریسکیو ذرائع
سوراب (یو این اے) سوراب اور بسیمہ کے درمیان گدر جوری کراس کے قریب سور چل کلغلی کے مقام پر نامعلوم موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے مسافر بسوں پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت دو مسافر زخمی ہو گئے۔ریسکیو 1122 کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر گدر منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق تربت اور پنجگور سے کوئٹہ آنے والی المقبول بس کو مسلح افراد نے روکنے کی کوشش کی، تاہم بس نہ رکنے پر فائرنگ کر دی گئی، جس سے دو مسافر زخمی ہوئے اور بس کے ٹائر بھی برسٹ ہو گئے۔ادھر النعیم بس بھی فائرنگ کی زد میں آ گئی، جس کے باعث بس کے شیشے ٹوٹ گئے، تاہم خوش قسمتی سے اس میں سوار تمام مسافر محفوظ رہے۔ بس کے مالک نعیم مینگل نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پیش آنے والے واقعے کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر گدر اور بسیمہ کے مقامات پر بسوں کو روک دیا گیا ہے۔واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں سرچ اور تفتیشی کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔


