بسیمہ، کیسکو نے بجلی کا دورانیہ کم کر کے 22گھنٹے کر دیا ، شہریوں کی مشکلات میں اضافہ

بسیمہ (نمائندہ خصوصی) ضلع واشک کی تحصیل بسیمہ میں کیسکو نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں مزید اضافہ کرتے ہوئے چوبیس گھنٹوں میں بجلی کی فراہمی محض دو گھنٹے تک محدود کر دی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مقررہ دو گھنٹے کی بجلی بھی مکمل فراہم نہیں کی جا رہی، جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔مسلسل بائیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے باعث بسیمہ شہر عملاً تاریکی میں ڈوب چکا ہے۔ رات کے اوقات میں بیشتر علاقے اندھیرے کا منظر پیش کرتے ہیں جبکہ شہریوں کو موبائل فون چارج کرنے، پانی کی فراہمی، گھروں میں پنکھے چلانے، طلبہ کو تعلیم جاری رکھنے اور کاروباری سرگرمیاں برقرار رکھنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث مواصلاتی نظام بھی متاثر ہو رہا ہے، جس سے لوگوں کی روزمرہ زندگی مزید دشوار ہو گئی ہے۔مقامی افراد کے مطابق بسیمہ گرڈ ایک اہم گرڈ ہے، جہاں سے خاران، نوشکی، دالبندین، مکران ڈویژن کے مختلف علاقوں اور نال خضدار تک بجلی کی فراہمی ممکن ہے، مگر اس کے باوجود خود بسیمہ کے عوام بدترین لوڈشیڈنگ کا شکار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں صرف دو گھنٹے بجلی بھی مکمل نہ ملنا ان کے لیے ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔شہریوں نے ضلع واشک کے منتخب عوامی نمائندوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے حلقے کے اس اہم مگر نظرانداز علاقے کی جانب توجہ دیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ بسیمہ ایسا شہر بن چکا ہے جہاں کے باسی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔ اگر منتخب نمائندوں کو فرصت ملے تو وہ علاقے کو درپیش دیگر مسائل کے ساتھ بجلی کے سنگین بحران کے حل کے لیے بھی عملی اقدامات کریں تاکہ عوام کو مسلسل مشکلات سے نجات مل سکے۔عوامی حلقوں نے وفاقی و صوبائی حکومت، کیسکو کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ بسیمہ میں بجلی کی فراہمی کا دورانیہ فوری طور پر بڑھایا جائے اور شہریوں کو اس طویل لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں