کرونا سے صحتیاب ہونے والوں میں چین پہلے پاکستان 29ویں نمبر پر
ورونا وائرس سے پوری دنیا کے 209 ممالک میں متاثر ہونے والے سوا 14 لاکھ سے زائد افراد میں سے تین لاکھ سے زیادہ (302,324) صحت مند ہوچکے ہیں۔ اس عالمی وبا سے سب سے پہلے انتہائی متاثر ہونے والا ملک چین ہے جہاں کورونا سے متاثر 81 ہزار 802 افراد میں سے 77,279 صحت مند ہوچکے ہیں جو دنیا میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔ دوسرے نمبر پر یورپی ملک اسپین ہے جہاں متاثر ہونے والے 141,942 میں سے 43,208 صحتیاب ہوچکے ہیں۔ یورپ کا دوسرا ملک جرمنی کورونا وائرس کے 107,663 مریضوں میں سے 36,081 کو صحت یاب کرکے تیسرے نمبر پر ہے۔ ایران میں کورونا وائرس کے 62,589 مریضوں میں سے 27,039 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ اٹلی میں کرونا وائرس کے 135,586 مریضوں میں سے 24,392 صحتیاب ہوچکے ہیں۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا ان دنوں امریکہ میں تیزی سے پھیل رہی ہے جہاں اس خطرناک مرض سے 400,546 متاثر ہوچکے ہیں۔ ان مریضوں میں سے 21,711 کو صحتیاب کرکے امریکا کورونا وائرس پر قابو پانے کی فہرست میں چھٹے نمبر پر ہے۔فرانس میں کورونا وائرس کے 109,069 متاثرین میں سے 19,337 صحتمند ہوچکے ہیں۔ ؎سوئٹزرلینڈ میں کورونا وائرس کے 22,328 مریضوں میں سے 8,704، ساؤتھ کوریا میں 10,384 میں سے 6,776، بیلجیم میں 22,194 مریضوں میں سے 4,157 صحتیاب ہوچکے ہیں۔ کورونا وائرس کے مریضوں کو صحتیاب کرنے کی کوششوں میں پاکستان 29 ویں نمبر پر ہے جہاں 4,072 مریضوں میں سے 467 صحتیاب ہوچکے ہیں۔ پڑوسی ملک بھارت میں 468 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جہاں مریضوں کی تعداد پاکستان سے زیادہ 5,360 ہے۔