پاکستان عراق میں تیل کے ذخائر سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں، وزیر خارجہ
بغداد:وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان عراق میں موجود تیل کے ذخائر سے استفادہ کرنے اور زائرین کیلئے میڈیکل سینٹر اور پاکستان ہاؤس کے قیام کا خواہش مند ہے۔ ایک انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ عراقی وزیرخارجہ سے ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور مستقبل میں ساتھ چلنے کے حوالے سے اہم نکات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور عراق کے تعلقات میں ایک نئے باب کا اضافہ کرنے چلے ہیں کیونکہ 39سال بعد کسی پاکستانی وزیر خارجہ کا یہ پہلا دورہ ہے۔اْن کا کہنا تھا کہ میری عراقی صدر اور وزیراعظم سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں افغانستان کی صورت حال اور خطے کی سیکیورٹی پر بات چیت کی گئی۔وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عراق تیل کے ذخائرسے مالامال ملک ہے،ہم عراق میں موجود تیل کے ذخائر سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں‘۔ انہوں نے بتایا کہ عراقی حکام سے شعبہ صحت (ہیلتھ سیکٹر) میں تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ عراق کی قیادت پاکستان کی اہمیت کوسمجھتی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزارتِ خارجہ پاکستان سے آنے والے زائرین کے لیے عراق میں پاکستان ہاؤس اور میڈیکل سینٹر کے قیام کی خواہش مند ہے۔


