(ن) لیگ کے اچھے دن آنے والے ہیں، جمال شاہ کاکڑ

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے عوام کا جینا محال کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جس حکومت کے دور میں کسی ایک مہینے میں بھی مہنگائی کی شرح کم نہیں ہوئی وہ عوام کے مسائل کیسے حل کریگی، مسلم لیگ(ن) کی ضمنی انتخابات میں فتح اس بات کی دلیل ہے کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ(ن) سوئپ اور مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہونگی ہمارے اچھے دن آنے والے ہیں۔یہ بات انہوں نے بدھ کو اپنی رہائشگاہ پر مسلم لیگ(ن) کے مرکزی نائب صدر و سابق سینیٹر آغا شاہ زیب درانی،صوبائی سیکرٹری اطلاعات نصیرخان اچکزئی،حیدراچکزئی،شاکرمحمدحسنی، شکیب علیزئی،آصف سلامت،طارق گل سمیت دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ جما ل شاہ کاکڑ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے ہر دور میں بد ترین انتقام کے باوجودہ عوام کی خدمت اور ثابت قدم رہنے کی تاریخ رقم کی ہے موجودہ حکومت کی لاکھ کوششوں کے باوجود بھی پارٹی قیادت پر نہ تو کوئی الزام ثابت ہوا اور نہ ہی ثبوت پیش کئے جا سکے خواجہ آصف کی ضمانت کی درخواست پانچ ماہ سے مختلف بہانے بنا کر التواء کا شکار بنائی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوا مکو ریلیف دینے میں یکسر ناکام رہی ہے کوئی ایسا مہینہ نہیں جس میں مہنگائی کی شرح بڑھی نہ ہو حکومت نے عوام کی قوت خرید ختم کردی ہے جبکہ اعداد و شمار کا ہیر پھیر کر کے شرح نمو میں اضافہ کیاگیا انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے گزشتہ روز زیارت کا محض تفریح کے لئے دورہ کیا زیارت کے عوام کو بھی معلوم ہوگیا کہ یہ حکومت انکے کے لئے کچھ نہیں کرسکتی جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) اس وقت ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جو عوام کے حقوق،جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی کی جدوجہد کر رہی ہے مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ حقیقی اپوزیشن کا کردار اداکیا اور اقتدار کے بغیر بھی عوام کی خدمت کی ہے جو جاری رہے گی انہوں نے کہا کہ جلد ہی پارٹی کا اچھا وقت شروع ہونے والا ہے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ(ن) بلوچستان سمیت ملک بھر میں سوئپ کریگی جبکہ مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہونگی

اپنا تبصرہ بھیجیں