اداکار دلیپ کمار اور راج کپور کے مکانات کو میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

پشاور: لیجنڈری اداکار دلیپ کمار اور راج کپور کے مکانات کی ملکیت محکمہ آثار قدیمہ کے نام منتقل ہونے کے بعد صوبائی حکومت نے مزید اقدامات شروع کردیئے، دونوں گھروں کو میوزیم میں تبدیل کیا جائیگا، شہریوں نے بھی اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔

بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار اور راج کپور کے مکانات سرکاری تحویل میں لینے کے بعد صوبائی حکومت نے اقدامات تیز کردیئے۔ پشاور میں واقع دلیپ کمار اور راج کپور کے گھر انتہائی خستہ حال ہیں جن کو میوزیم میں تبدیل کرنے سے قبل ان کی تزئین وآرائش کی جائیگی۔ منصوبہ دو سال میں مکمل کیا جائیگا، حکام کے مطابق دونوں اداکاروں کے خاندان والوں سے بھی رابطہ کیا جائیگا۔

قدیمی مکانات کی بحالی کے فیصلے کو جہاں شہریوں نے سراہا وہیں دلیپ کمار اور راج کپور کو چاہنے والوں نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

چار مرلے پرمحیط دلیپ کمار کے گھر کی قیمت 72لاکھ 80ہزار 658 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ راج کپور حویلی 6 مرلوں 3 سرائے پر محیط ہے، صوبائی حکومت نے ایک کروڑ 15 لاکھ 27 ہزارروپے قیمت لگائی ہے۔پشاورمیں واقع دلیپ کمار اور راج کپورحویلی کا شمار اپنے دور کی شاندارعمارتوں میں کیا جاتا تھا جن کی بحالی سے آئندہ نسليں بھی ايسے ثقافتی ورثوں سے مستفيد ہو سکيں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں