جیکب آباد، خسرہ کی وباء کی ویکسین نہ لگوانے سے مزید بچوں کی ہلاکتوں کا خدشہ

جیکب آباد: جیکب آباد کی تحصیل ٹھل میں خسرہ کی وباء سے ایک معصوم بچی فوت، محکمہ صحت نے ٹھل میں خسرہ سے بچاؤ کی مہم شروع کردی، دو روز میں 31 ہزار 816 بچوں کو ویکسین لگائی گئی جبکہ 5773 بچوں کے والدین نے ویکسین لگوانے سے انکار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل میں خسرہ کی تباہ کاریاں جاری ہیں، ٹھل کے گاؤں خان محمد ڈول میں آفاق ڈول کی ایک سالہ معصوم بچی حمیرا ڈول خسرہ کی وباء میں مبتلا ہوکر فوت ہوگئی، دوسری جانب ٹھل میں خسرہ کی وباء سے بچوں کی اموات کا محکمہ صحت نے نوٹس لیتے ہوئے خسرہ سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کی مہم شروع کردی ہے اور اس سلسلے میں محکمہ صحت کی 153 ٹیمیں کام کررہی ہیں، تحصیل ٹھل کی 19 یونین کونسل میں گذشتہ دو روز سے جاری مہم کے سلسلے میں ملنے والے اعداد شمار کے مطابق دو روز کے دوران 31 ہزار 816 بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی ہے جبکہ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق 5773 بچوں کے والدین نے اپنے بچوں کو ویکسین لگوانے سے انکار کردیا ہے جس کی وجہ سے خسرہ کی وباء مزید پھیلنے کا خدشہ ہے، محکمہ صحت کی جانب سے بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے کے لیے علاقے کے عمائدین سے درخواست کی جارہی ہے کہ وہ بچوں کو ویکسین لگوانے میں محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں