بلوچستان میں کرونا ویکسینیشن کے عمل کو تیز کیا جائے، بشریٰ رند
کوئٹہ:پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات بشریٰ رند نے کہا کہ صوبے میں کرونا کی ویکسینیشن کے عمل کو تیز کیا جائے حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد، سماجی فاصلے اور ماسک کے استعمال سے اس خطرناک وبا کو پھیلنے سے روکا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ کرونا ویکسین بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ایک امید افزاء ہے لیکن اپنے صوبے کو محفوظ بنانے کے لیے ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ تمام لوگوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں۔ صوبے میں ویکسین لگنے کی رفتاربہت کم ہے اس سلسلے میں عوام میں شعور و آگاہی فراہم کرنے کے لیے موثر اقدامات اٹھانیکی ضرورت ہے۔ کرونا ویکسینیشن کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر ٹارگٹ میں اضافہ کیا جائے۔تاکہ تمام آبادی کو جلد از جلدکرونا ویکسین لگا کر اس وباء سے چھٹکارہ حاصل کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کرونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔کرونا سے بچاؤ کا واحد راستہ ایس او پیز پر عمل اور جلد از جلد کرونا ویکسین لگوانا ہے۔اس سلسلے میں صوبائی حکومت نے صوبے کے تمام اضلاع میں ویکسینیشن سینٹر قائم کئے ہیں جہاں پر لوگ باآسانی جاکر ویکسین لگواسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام حکومتی ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ کرونا کے پھیلاؤ کو روک کر صحت مند معاشرے کی تشکیل کو ممکن بنائیں۔


