پاکستان ہمیں آباواجداد کی بیش بہا قربانیوں کی بدولت ملا ہے، عبدالخالق ہزارہ
کوئٹہ (آن لائن)صوبائی وزیر کھیل و ثقافت عبدالخالق ہزارہ نے کہا ہے کہ یہ ملک ہمیں ہمارے آباو اجداد کی بیش بہا قربانی کے بدولت ملا ہے آج جو ہم آزاد فضاو ں میں سانس لے رہے ہیں یہ ان کی جان مال کی قربانیوں کی بدولت ممکن ہوا ہے انہوں نے کہا کہ یہ ملک ہماری پہچان ہے اپنی اس پہچان کو مزید تقویت دینے کے لیے ہر قسم کے تعصبات لسانیت کو بالائے طاق رکھتے ہوئے صرف اور صرف ملک اور قوم کی ترقی کے لئے سوچیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے دارالفلاح اسلامیہ علمدار روڈ میں بزم ادب اور سپورٹس ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ یوم دفاع سمیت تمام قومی دن وعدہ اور تجدید عہد کا دن ہے اور شہدا و ملک سے عہد کرنا ہے کے ہمارے نوجوانوں نے جس بہادری سے مادر وطن کی دفاع اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے کیا اسی طرح ہمارا بھی فرض ہے کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے سب کو مخلصانہ کردار ادا کرکے اسکے اداروں کو مضبوط بنانا ہوگا انہوں نے کہا کہ ہمیں تفریقات، تعصب اور نفرتوں کو ختم کرنا ہوگا ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والوں نے اپنے شعبے میں بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی تب ہی ہمارا وعدہ پورا ہوگا تقریب میں ادارے کے بچوں نے تقاریر، ملی نغمے اور مختلف آئٹمز بھی پیش کیے۔


