ملک اور سماج سیاسی عمل کے بغیر نہیں چل سکتے،جان محمد بلیدی

کوئٹہ:نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی نے کہا ہے کہ ملک اور سماج سیاسی عمل کے بغیر نہیں چل سکتے۔اگر سیاست پر قدغن لگانے کا منفی عمل ہوگا تو ملک آج ہی کی طرح سنگین بحرانوں کے دلدل میں دھنستا جائے گا۔مانگی ڈیم زیارت کے شہداء کے لواحقین غمزدہ ہے اور ریاست کو ان غم کو کم کرنے کیلئے ان کے ساتھ ہوتے ہوئے مطالبات کو تسلیم کرنا چاہیے۔ کوئی خاندان اپنے پیاروں کی لاشوں کی تدفین سے انکار کا قدم صرف اور صرف مذید ظلم وبربریت سے بچنے اور لاشیں نہ اٹھانے کیلئے اختیار کرتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی کے زمہداران کے گفتگو کرتے ہوئے کہا۔اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر اسحاق بلوچ صوبائی سیکرٹری اطلاعات علی احمد لانگو ضلعی نائب صدر حنیف کاکڑ ضلعی جنرل سیکرٹری ریاض زہری ضلعی یوتھ سیکرٹری جلیل لانگو ایڈوکیٹ ضلعی رابطہ سیکرٹری حاجی نعیم بنگلزئی،رستم کھوسہ نصیر بلیدی سمیت دیگر موجود تھے۔نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ حکومت کی عدم توجہی اور ترجیحات کے فقدان کے باعث گورننس ختم ہوکر رہیگی ہے۔بدامنی پھر سے تیزی سے سر اٹھا رہی ہے۔ٹارگٹ کلنگ سمیت مختلف قسم کے واقعات رونما ہورہے ہیں۔عوام میں عدم تحفظ کا عنصر پھر سے بڑھ گیا ہے۔جان بلیدی نے کہا کہ ملک میں سماجی برائیاں تیزی سے بڑھ رہی ہے۔معصوم بچے اور بچیاں بھی جنسی درندگی کا شکار ہورہے ہیں۔جو مجموعی سماج کی جہالت پسماندگی اور وحشی پن کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی نااہلی کے بدولت ادارے مفلوج ہوگئے ہیں۔اداروں میں معمول کے کام بھی جمود کی شکل اختیار کرچکے ہیں۔عوام کی حالت زار دفاتر کے چکر لگا لگا کر عجیب ہوگئی ہے۔لیکن سرکار سب اچھا کا راگ الاپنے تک محدود ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت مذید تجربات و غیر جمہوری عمل کا کسی صورت متعمل نہیں ہوسکتا۔جمہوریت اور سیاسی عمل ہی ملک و سماج اور عوام کی تعمیر وترقی اور خوشحالی کا نوید لاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں