اراکین کی بڑی تعداد کورونا کا شکار، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 13ستمبر کو نہ ہونے کا امکان
اسلام آباد:پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 13 ستمبر کو نہ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پارلیمانی ذرائع کے مطابق اراکین کی بڑی تعداد کورونا وائرس میں مبتلا ہے،جس کے باعث پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 13 ستمبر کو نہ ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے ابھی تک 13 ستمبر کے اجلاس کے سمن جاری نہیں کیے۔حکومت نے اسپیکر سے مشاورت کے بعد 13 ستمبر کو اجلاس کااعلان کیا تھا، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو بھی سمن ملنے کا انتظار ہے۔
پارلیمانی ذرائع کے مطابق اراکین کی بڑی تعداد کورونا کیسز کی وجہ سے قرنطینہ میں ہے جبکہ کئی اراکین بیرون ملک ہیں اس لیے مشترکہ اجلاس 20 ستمبر تک ہوگا۔قومی اسمبلی حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ اجلاس کی تیاریاں مکمل کرچکا ہے، صدرڈاکٹرعارف علوی کی طرف سے سمن ملتے ہی اجلاس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ مشترکہ اجلاس سے صدر عارف علوی نے خطاب کرنا ہے، صدر کے خطاب کے ساتھ ہی چوتھا پارلیمانی سال شروع ہوگا۔واضح رہیکہ دوسری جانب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا سربراہی اجلاس کل مولانا فضل الرحمان کی صدرات میں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کل سہ پہرمسلم لیگ ن کے آفس میں ہوگا،اجلاس کا ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے۔جاری کردہ ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں صدرڈاکٹر عارف علوی کے خطاب کے موقع پر اپوزیشن جماعتوں کے لئے لائحہ عمل پر مشاورت ہوگی۔
ایجنڈے کے مطابق سربراہی اجلاس میں ملک بھر میں حکومت مخالف جلسوں کی تاریخوں کا فیصلہ ہوگا۔ذرائع کے مطابق سربراہی اجلاس میں چاروں صوبائی ہیڈ کواٹرز میں مختلف شعبہ زندگی کے لئے سیمینارزکے بارے غورو خوص بھی ہوگا۔
واضح رہیکہ دوسری جانب پارٹی قائد نواز شریف کی ہدایت پرمسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پارٹی کولاہور میں سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ذرائع ن لیگ کے مطابق مسلم لیگ ن کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرحمزہ شہباز کو فوری طور پر مسلم لیگ ن لاہور کی تنظیم نو کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس حوالے سے پارٹی صدرشہباز شریف نے ہدایت جاری کی ہیکہ لاہور میں غیر فعال عہدیداران کے بجائے متحرک کارکنوں کو عہدے دئیے جائیں۔ذرائع ن لیگ کے مطابق مسلم لیگ ن کے نائب صدرحمزہ شہباز نے شہباز شریف کی ہدایت پر مسلم لیگ ن لاہور کی تنظیم سازی کے لیے اہم لیگی رہنماؤں سے مشاورت شروع کر دی ہے۔


