صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں انجینئرنگ اکیڈمی کے قیام کی اشد ضرورت ہے،گورنر بلوچستان
کوئٹہ: گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ وقت آپہنچا ہے کہ تمام پیشہ ورانہ شعبوں میں ہمیں تعداد کی بجائے استعداد بڑھانے پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی سردست صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں انجینئرنگ اکیڈمی کے قیام کی اشد ضرورت ہے ان خیالات کاا ظہار انہوں نے جمعہ کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں پاکستان انجینئرنگ کونسل بلوچستان کے وائس چیئرمین انجنیئر ناصر مجید کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے وفد میں انجینئر عثمان خان بابئی، انجینئر سید مشتاق احمد، انجینئر عبداللہ شاہوانی، انجینئرفیض اللہ کاکڑ اور انجینئر بشیر آغا بھی شامل تھے. ملاقات کے دوران انجینئرنگ اکیڈمی کی اہمیت و افادیت، ٹیکنیکل الاوئنس کی فراہمی، بیروزگار انجینئرز کو روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ٹریننگ و ایکسپوژر کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا کہ انجینئرنگ کا شعبہ ملک و قوم کی تعمیرو ترقی میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے صوبے کی تعمیر وترقی کے کاموں میں انجینئرز کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر ہم جدید دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ ترقی اور روشن مستقبل کو یقینی بناسکتے ہیں۔ وفد نے گورنر بلوچستان کو صوبے بھر کے انجینئرز کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ گورنر نے وفد کے مسائل، مشکلات اور مطالبات کو غور اور توجہ سے سنا اور ان کے پائیدار حل کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی.


