کابینہ کی تقریب حلف برداری اب پلان کا حصہ نہیں، سہیل شاہین

کابل:افغانستان کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد وہاں عبوری حکومت قائم کرنے والے طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ عبوری کابینہ کی حلف برداری کے لیے تقریب اب پلان کا حصہ نہیں ہے۔افغانستان کے دارالحکومت کابل سے جاری کیئے گئے ایک بیان میں طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ حلف برداری کی تقریب پہلے پروگرام کا حصہ تھی۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ کی تقریبِ حلف برداری کے لیے ضرورت تھی کہ دوسرے ممالک سے وفد مدعو کیئے جائیں اور پروٹوکول کے انتظامات کی بھی ضرورت تھی، جس کے لیے وقت درکار تھا۔سہیل شاہین نے کہا کہ دوسری طرف عوام کے لیے سروسز کی بہت ضرورت تھی، اس لیے لیڈر شپ نے فیصلہ کیا کہ فوری طور پر وزراء کا اعلان کریں اور وہ اعلان ہو چکا ہے، اب وہ تقریب منسوخ کی جا چکی ہے۔

طالبان کے کلچرل کمیشن کے رکن انعام اللّٰہ سمنگانی نے بھی کہا ہے کہ طالبان کی جانب سے کوئی تقریبِ حلف برداری منعقد نہیں کی جا رہی۔انہوں نے نئی افغان حکومت کی تقریبِ حلف برداری کچھ روز قبل منسوخ کیئے جانے کو افواہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کابینہ نے پہلے سے ہی کام کرنا شروع کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں