کراچی میں منشیات فروشوں کی فائرنگ سے 2افراد قتل

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی کے علاقے کورنگی بلال کالونی میں منشیات فروش دوستوں کی فائرنگ سے 2افراد قتل ہو گئے، پولیس کے مطابق مقتولین اپنی دکانیں بند کر کے گھر جا رہے تھے کہ گھات لگائے ملزمان نے موٹرسائیکل سے ٹکر مار کر انہیں نیچے گرایا ، ایک درجن سے زائد گولیاں برسائیں اور فرار ہوگئے۔ واقعہ انڈسٹریل ایریا کورنگی کے علاقے بلال کالونی مین روڈ لاشاری میڈیکل اسٹور غریب نواز مسجد کے قریب پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والوں دوستوں کی شناخت 36 سالہ امتیاز ولد نثار احمد اور 40 سالہ محمد علی کے ناموں سے ہوئی۔ مقتول امتیاز کورنگی انڈسٹریل ایریا سیکٹر 8 سی بلال کالونی کا رہائشی اور 6 بچوں کا باپ تھا اور گاڑیوں کا مکینک تھا۔ اس کا بلال چورنگی کے قریب گیراج ہے جبکہ آبائی تعلق کوہاٹ سے تھا۔علاقہ مکینوں کے مطابق فائرنگ کرنے والے تینوں ملزمان منشیات فروش اور ڈکیت ہیں۔ تینوں کو کچھ عرصہ قبل امتیاز اور محمد علی نے پولیس کے ہاتھوں پکڑوایا تھا۔ ملزمان نے اپنا بدلہ لینے کے لیے دونوں کو قتل کیا ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ایک درجن سے زائد فائر کیے، جس میں مقتول امتیاز کو 6 اور محمد علی کو 2 گولیاں لگیں۔ پولیس کو جائے وقوع سے 30 بور پستول کے 3 خول ملے ہیں۔ پولیس نے جناح اسپتال میں پوسٹ مارٹم اور ضابطے کی کارروائی کے بعد مقتولین کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دیں۔کورنگی بلال کالونی میں فائرنگ کے واقعے میں 2 دوستوں کے قتل کا مقدمہ الزام نمبر24/559 قتل کی دفعہ کے تحت 5 ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمے میں 5 ملزمان سلطان ،نادر، نعمان عرف شاہو پٹھان ، دانش اور ایک صورت شناس نامعلوم ملزم کو نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کی کوششیں شروع کردی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں