اکیسویں صدی میں بھی تفتان میں بنیادی صحت، تعلیم اور صاف پانی خواب و سراب ہیں،میر لیاقت عیسیٰ زئی
تفتان (انتخاب نیوز) قبائلی اور سماجی رہنماءمیر لیاقت عیسیٰ زئی نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں ریکوڈک مائننگ کمپنی کے حکام سے گزارش کی کہ تفتان کے لیے الگ سی ڈی سی کمیٹی بناکر علاقہ مکینوں کو بنیادی ضروریات کی فراہمی پر کام شروع کیا جائے۔ جب سے ریکودک منصوبے پر کام کا آغاز ہوا ہے اس کے بعد سے قریبی علاقوں میں بنیادی صحت، تعلیم، صاف پانی اور تکنیکی تربیت کے منصوبے شروع کیے گئے جو خوش آئند ہیں۔ تفتان وہ بدقسمت علاقہ ہے جو سیندک پروجیکٹ سے قریب ہوکر بھی اس کے فوائد سے محروم ہے۔ آج بھی تفتان میں بنیادی صحت، تعلیم اور صاف پانی خواب و سراب ہیں۔ انہوں نے آر ڈی ایم سی کے جنرل منیجر رائن مچل سے خصوصی درخواست کی کہ وہ تفتان کا دورہ کرکے علاقے کی پسماندگی اور بدحالی کو اپنی آنکھوں سے دیکھیں اور اس سلسلے میں ہمارے مطالبات پر عمل کریں کیونکہ ہم سیندک پروجیکٹ سے مکمل طور پر مایوس ہوچکے ہیں اور ہمیں ریکودک پروجیکٹ سے بہت ساری امیدیں ہیں لہٰذا تفتان کے عوام کو ریکوڈک جیسے عظیم منصوبے سے مایوس نہ کیا جائے۔


