بلوچستان کو پسماندگی کی طرف دھکیلنے میں اپنوں نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے، سردار زادہ فیصل جمالی
اوستہ محمد (یو این اے)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار زادہ فیصل خان جمالی نے کہا ہے کہ بلوچستان کو پسماندگی کی طرف دھکیلنے میں اپنوں نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے، تاہم پیپلز پارٹی صوبے سے احساسِ محرومی کے خاتمے، عوام کی خوشحالی اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ خوشحال عوام اور ترقی یافتہ بلوچستان ہمارا وژن ہے، جس کے حصول کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار زادہ فیصل خان جمالی نے یو این اے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا سردار زادہ فیصل خان جمالی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ مشکلات، محرومیوں اور نامساعد حالات کا سامنا کیا ہے، اس کے باوجود صوبے کے عوام نے ملکی ترقی اور استحکام کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو ان کے بنیادی حقوق، روزگار، تعلیم، صحت اور دیگر ضروری سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ بلوچستان کے عوام کے حقوق کی بات کی ہے اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ پسماندہ علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کیا جائے تاکہ بلوچستان کے عوام کو بھی دیگر صوبوں کے برابر ترقی کے مواقع میسر آسکیں۔صوبائی وزیر لائیو سٹاک نے کہا کہ بلوچستان کی معیشت میں لائیو سٹاک کا شعبہ بنیادی اہمیت کا حامل ہے، جس سے بڑی تعداد میں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے۔ اس شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرکے نہ صرف مالداروں کی معاشی حالت بہتر بنائی جا سکتی ہے بلکہ صوبے میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور صوبے کی ترقی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ تمام سیاسی و سماجی طبقات کو مل کر بلوچستان کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ باہمی اتحاد، اتفاق اور اجتماعی جدوجہد سے ہی بلوچستان کو پسماندگی سے نکال کر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔


