پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ غریبوں کی جیبوں سے اربوں روپے نکالنے کی سازش ہے،ثناء بلوچ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان اسمبلی میں پشتونخوامیپ کے پارلیمانی لیڈر نصر اللہ زیرے کی جانب سے زیارت،ہنہ اوڑک،ہربوئی اور ژوب میں درختوں کی کٹائی کی حوالے سے پیش کی جانیوالی قرار داد کو منظور کرلیا گیا ثناء بلوچ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے حوالے سے بلوچستان میں مسثنیٰ قرار دیا جائے بلوچستان اسمبلی اجلاس میں جمعرات کو بی این پی کے ثناء بلوچ نے نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ قابل مذمت ہے رات گئے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں پانچ پانچ روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے یہ غریبوں کی جیبوں سے اربوں روپے نکالنے کی سازش ہے۔ اس کے اثرات تجارتی شعبے پر پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں کی بندش سے بلوچستان کے لوگ پہلے ہی نان شبینہ کے محتاج ہیں وزیراعلیٰ کو چاہئے تھا کہ وہ اس سلسلے میں وفاقی حکومت کو مراسلہ ارسال کرتے کہ قیمتوں کے اضافے کا اطلاق بلوچستان پر نہ کیا جائے اور بلوچستان کو استثنیٰ دیا جائے مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ ثناء بلوچ نے کہا کہ یہ اضافہ بلوچستان کے عوام پر بوجھ ہے یہ فیصلہ واپس لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ آج مریضوں کے تحفظ کا عالمی دن منایا جارہا ہے مگر بلوچستان میں صحت کی سہولیات ناپید ہیں محکمہ صحت کا قلمدان وزیراعلیٰ کے پاس ہے اس کے باوجود اس شعبے میں کوئی خاطرخواہ کام نہیں ہوا پورے صوبے میں ایک ایسی سرکاری لیبارٹری نہیں جہاں لوگ اپنا ٹیسٹ کرائیں بارہ ہزار کے قریب لوگ کینسر سے انتقال کر گئے ہیں انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے کی حالت زار پر رحم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں