مسجد نبویؐ میں انسانی جسم کی حرارت جانچنے والے تھرمل کیمرے نصب

ریاض وسعودی حکومت نے کرونا کے خلاف جنگ میں احتیاطی تدبیر کے طور پر مسجد نبویؐ میں تھرمل کیمرے نصب کئے ہیں جن کی مدد سے مسجد میں آنے والے نمازیوں اور زائرین کے جسم کا درجہ حرارت جانچا جا سکے گا۔سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ کیمرے بیک وقت 25 افراد کے جسم کا درجہ حرارت مانیٹر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ان کی مدد سے نو میٹر کی دوری سے آواز اور تصویر کو محفوظ کیا جا سکتا ہے۔تصاویر پر مشتمل ڈیٹا ایک ماہ تک محفوظ رکھا جا سکے گا، جسے حسب ضرورت ماہرین کو براہ راست بھیجا جا سکتا ہے۔سعودی حکومت نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے مسجد حرام اور مسجد نبویؐکے بیرونی احاطے میں نماز ادا کرنے پر پابندی لگا دی تھی۔ اس کے علاوہ ملک بھر کی مساجد میں نماز جمعہ سمیت باجماعت نمازوں کی ادائی پر بھی پابندی عاید ہے۔مملکت میں کرونا وائرس کے 6380 کنفرم کیسز سامنے آ چکے ہیں جن میں 83 افراد وفات پا چکے ہیں۔ اس وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 990 ہے۔ سعودی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں