دورہ نیوزی لینڈ منسوخی معاملہ، ملوث سازشی عناصر کو عنقریب بے نقاب کریں گے، شیخ رشید
اسلام آباد :وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ دورہ نیوزی لینڈ منسوخی معاملہ میں ملوث سازشی عناصر کو عنقریب بے نقاب کریں گے۔ (ن) لیگ اب 2 کے بجائے 3 دھڑوں میں تقسیم ہوگی،اسلام آباد کو اکھاڑانہ بنایاجائے،امن و امان کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ پیر کو وزارت داخلہ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ آن آرائیول ویزے کی سہولت 50 ممالک سے بڑھا کر 65 کرنے جارہے ہیں، پاسپورٹ اورشناختی کارڈ کے معاملے پر نظر ثانی کر نے جارہے ہیں، پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی سیکیورٹی کے لئے 15 مزید فیچرز لارہے ہیں، پاکستان خطے میں ای پاسپورٹ جاری کرنے والا پہلا ملک ہو گا۔شیخ رشید نے کہا کہ ایف آئی اے کو سائبر کرائم کی ایک لاکھ درخواستیں مو صول ہوئی ہیں، سائبر کرائمز والوں کو 2 ارب کے فنڈ جاری کررہے ہیں،نادرا نے 75 لاکھ لوگوں کو ویکسین سرٹیفکیٹ جاری کئے، جعلی ویکسی نیشن کیمعاملے پر نادرا کا کوئی قصور نہیں ہے پھر بھی نادرا کو ہدایت کی ہے آئندہ ایسی غلطی نہ ہو، سازش کے تحت شناختی کارڈ،پاسپورٹ اورویکسی نیشن کوبدنام کیاجارہاہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ دستانے والے ہاتھ پاکستان کونقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں، دہشت گردی کا خطرہ موجود ہے لیکن پاک فوج دہشت گرد سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، نیوزی لینڈ ٹیم کے دورے کو منسوخ کرنے والوں کے قریب پہنچ چکے ہی، انہیں پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے، سنگاپور سے بھارت کے رابطوں اور 12 اکاؤنٹس پر مزید پیش رفت سامنے آرہی ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ 2سال بعد نیا سیاسی ماحول ہوگا،آج جیسے حالات نہیں ہوں گے شہبازشریف کوضمانت دیتے ہیں کہ 2023 کے انتخابات شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوں گے، الیکشن کمیشن اور حکومت قریب آرہے ہیں جواچھی بات ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے انتخابات شفاف ہوں گے، ملک میں جوڈو کراٹے کا ماحول کم ہورہا ہے، پاکستان کے لیے سیاست کرنی ہے،اسلام آباد کو اکھاڑانہ بنایاجائے،امن و امان کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ انتشار اور جوڈو کراٹے سے برباد ہوگی، شہباز شریف کے خاندان میں وراثت کی لڑائی چل رہی ہے، وہ اپنے لئے دم درود کرائیں، مسلم لیگ (ن) کو 2 کی بجائے 3 گروپ بنتے ہوئے دیکھ رہا ہوں، (ن) لیگ کے گھر کی باتیں گھر میں رہیں تو اچھی بات ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان سے آنے والو ں کی تعداد جانے والوں سے کم ہے۔ضرورت کے تحت آج (منگل) کو بعض علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہے گی۔


