پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ تشویشناک ہے، مولانا عبدالواسع
کوئٹہ : جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ سلیکٹڈاور نااہل حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ باعث تشویش ہے، آئے روز حکومت پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کر کے مہنگائی کی سو نا می میں عوام کو غرق کر رہی ہے، بیروزگاری، کرپشن، غربت اور مہنگائی نے انسانوں سے جینے کا حق چھین لیا ہے، حکمران کرپشن میں اس قدر مصروف ہیں انہیں عوام کی مشکلات کا ذرا بھی احساس نہیں ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ اور نااہل وفاقی و صوبائی حکومتیں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں آئے روز پیٹرولیم مصنوعات سمیت دیگر اشیا خوردنوش کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کو جینا محال کیا جا رہا ہے سلیکٹڈ حکمران مستعفی ہو کر گھر چلے جائیں،انہوں نے کہاکہ ایک طرف حکمرانوں کی کرپشن کے چرچے ہیں تو دوسری طرف غریبوں کی بربادی کے چرچے زبان زدعام ہیں، ملک کا کوئی حصہ ایسا نہیں جہاں حکمرانوں، جاگیرداروں اور وڈیروں کے گماشتے انسانیت کی تذلیل کے مر تکب نہ ہو رہے ہوں، جب تک معاشرے میں انصاف کا بول بالا نہیں ہوگا امن قائم کرنا ناممکن ہے، ملک میں آوے کا آوا ہی بگڑا نظر آ تا ہے، ہر طرف کرپشن ہورہی ہے جس سے کوئی بھی ادارہ محفوظ نہیں ہے انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے قوم کی خوشیاں اور عوام کے چہرو ں پر سے رونقیں چھین لی ہیں مہنگا ئی کنٹرو ل کرنے میں حکومت مکمل طور پر بے بس نظر آ رہی ہے جس کا سارا بوجھ غریب عوا م اٹھانے پر مجبور ہے نااہل حکمرانوں کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں عوام انہیں گھر بھیج کر دم لیں گے، بدترین حکومتی انتقامی کارروائیوں کے باوجود حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں مووجودہ حکومت کی خارجہ پالیسی ناکام ہو چکی ہے عوام موجودہ حکومت سے تنگ آچکے ہیں موجودہ حکومت اپنی ناکامیوں کو تسلیم کرتے ہوئے عزت کے ساتھ مستعفی ہو کر گھر چلے جائیں۔


