الیکشن کمیشن نے صوبہ بلوچستان میں انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کا کام شروع کر دیا،

کوئٹہ:صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان محمد رازق نے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے حوالے سے منعقد کردہ ٹریننگ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آ ئین اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آرٹیکل ۹۱۲ کے تحت ملک میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے انتخابی فہرستوں کی تیاری اور نظر ثانی الیکشن کمیشن کا بنیادی فریضہ ہے لہٰذہ الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کاکام ڈور ٹو ڈور تصدیق کے ذریعے سر انجام دیا جائے تاکہ شفاف انتخابی فہرستوں کی تیاری کو یقینی بنا یاجا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات کے انعقاد میں شفاف انتخابی فہرستوں کا کلیدی کردار ہے اس لیئے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے کام کا باقاعدہ آغاز کیا جا چکا ہے انہوں نے مزید آگاہ کیا کہ انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی اور گھر گھر جا کرووٹرز کی تصدیق کیلئے الیکشن کمیشن نے ٹائم لائن بھی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق۔7نومبر سے 6دسمبر تک گھر گھر جا کر ووٹرز کی تصدیق کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ ابتدائی انتخابی فہرستیں 26جنوری کو ڈسپلے سنٹرز میں آویزاں کر دی جائیں گی، اس ضمن میں صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان نے چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کی انجام دہی میں کسی طرح کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ شفاف انتخابی فہرستوں کی تیاری پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ تمام ریجنل الیکشن کمشنرز اور ضلعی الیکشن کمشنرز اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے تمام عوامل کو شفافیت اورتندہی سے سرانجام دیں۔ ریجنل الیکشن کمشنرز اور ضلعی الیکشن کمشنرز فیلڈ میں کام کیلئے عملے کی تعیناتی کے دوران اس بات کو ملحوظ خاطر رکھیں کہ تمام عملہ ایماندار، محنتی اور غیر جانبدار ہو۔ علاوہ ازیں تمام عملے کی تربیت کے دوران اس بات کو یقینی بنائیں کہ عملے کو انکی ذمہ داریاں اور الیکشن کمیشن کی ہدایات واضح طور پر معلوم ہوں اور کسی قسم کا ابہام نہ رہے۔اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی سے متعلق تمام عوامل اور مراحل الیکشن کمیشن کی جاری کردہ ٹائم لائن کے مطابق مقررہ وقت پر پایہء تکمیل تک پہنچائے جائیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان نے بلوچستان کے عوام سے اپیل کی کہ وہ الیکشن کمیشن کے عملے سے تعاون کریں اور اپنے ووٹ کا اندراج کروائیں تاکہ کوئی بھی اپنے ووٹ کے حق سے محروم نہ رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں