خسرہ اورروبیلا سے بچاﺅ کا حفاظتی ٹیکہ ضرور لگوائیں،عزیز احمد جمالی
کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) حکومت بلوچستان کے زیراہتمام عالمی ادارہ برائے صحت اور توسیعی پروگرام برائے ٹیکہ جات کے تعاون سے خسرہ اورروبیلا سے بچاﺅ کی قومی مہم 15 نومبر سے شروع ہوگی جو کہ 27 نومبر تک جاری رہے گی، عوام الناس 9ماہ سے 15 سال کے بچوں کو خسرہ اورروبیلا سے بچاﺅ کا حفاظتی ٹیکہ ضرور لگوائیں۔ مہم کے سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔اس ضمن میں سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ عزیز احمد جمالی نے بتایا کہ ویکسین کا مقصد انسانی جسم میں بیماری سے لڑنے والی قوت مدافعت پیدا کرنا ہے۔ کسی بیماری سے متاثر ہونے کی صورت میں انسانی جسم میں قدرتی طور پر موجود مدافعتی نظام بیماری کو پہچان کر اس کے اثر کو ختم کر دیتا ہے۔جیسا کہ(MR) ویکسین خسرے اور روبیلا کے خلاف حفاظت کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ویکسین زیادہ موثر ہے جو مریض کو صرف ایک خوراک کے بعد 90 فی صد تک بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔ ویکسین نہ ہونے کی وجہ سے بچے مہلک بیماریوں کا بآسانی ہدف ثابت ہوتے ہیں جو باعث تشویش ہے۔ یہ نہ صرف بچوں کے لیے بلکہ ان کے ارد گرد میں رہنے دوسرے لوگوں کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ خسرے اور روبیلا کی قومی مہم کے دوران محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کرکے 9ماہ سے 15 سال کے بچوں کوقریبی ویکسینیشن سینٹر، اسکول یاسرکاری مرکز صحت میں خسرہ اورروبیلا سے بچاﺅ کے حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں تاکہ ہم اس بیماری کو روکنے میں کامیابی سے ہمکنار ہو سکیں.


