حکومت کے خلاف پی ڈی ایم کے احتجاج میں عوام کی شرکت حکمرانوں پر عدم اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے، پشتونخواملی عوامی پارٹی
کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی علاقائی یونٹ ہزارہ ٹاؤن، علاقائی یونٹ کرانی، علاقائی یونٹ نواں کلی، علاقائی یونٹ غبرگ کے ہنگامی اجلاس17نومبر کو مہنگائی کے خلاف پی ڈی ایم کے احتجاجی مظاہرے اور برصغیر پاک وہند اور پشتونخوا وطن کی آزاد ی کے قافلے کے عظیم سالار خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی 48ویں برسی کے موقع پر منعقد ہونیوالے جلسہ عام کی تیاری کے سلسلے منعقد کیئے گئے۔ اجلاسوں میں پارٹی کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاسوں سے پارٹی کے مرکزی وصوبائی سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری یوسف خان کاکڑ، ضلعی معاونین دوست محمد ہنہ وال، رحمت اللہ صابر، باز پشتون اور علاقائی یونٹوں کے سیکرٹریز نور محمد، عزیز اللہ، سید نبی، عزیز اللہ ہمزولئی نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ پشتونخوامیپ کے اکابرین پہلے دن سے کہا تھا کہ ملک کو چلانے کیلئے جمہوریت،قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی فیڈریشن کے قیام،ون مین ون ووٹ کی بنیاد پر خودمختیارپارلیمنٹ اور اس کے ذریعے داخلہ وخارجہ پالیسیوں کی تشکیل، ملک کو نامساعد حالات سے نکال سکتی ہے۔لیکن بدقسمتی سے خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی عالمانہ اور بصیرانہ رائے سے انکار اور انہیں پابند سلاسل کرنے اور اندرونی سازشوں کے ذریعے ملک کو مسلسل 26سال بے آئین رکھنے کی پالیسی کو دوام دیا گیا۔ جمہوریت کی بجائے آمریت کو ترجیح دی گئی جس کے نتیجے میں ملک دولخت ہوا اور باقی ملک کو جو آئین دیا گیا اُسے بار بارآمرانہ قوتوں نے معطل کیا اور اس طرح غیر جمہوری روش کے باعث آج ملک بحرانوں اور سخت ترین مہنگائی اور بدترین بیروزگاری سے دوچار ہوچکا ہے۔ ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور ملک میں حقیقی جمہوریت، آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری، عدلیہ اور میڈیا کی آزادی، قوموں کی برابری کا حقیقی فیڈریشن، ملک میں شفاف غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد او ر ملک کو آئینی، سیاسی، معاشی اور معاشرتی بحرانوں سے نکالنے کیلئے اپوزیشن پارٹیوں نے پی ڈی ایم کے اتحاد کی تشکیل کی۔ ملک کی اس بحرانی صورتحال میں اپوزیشن کی بڑی اتحاد پی ڈی ایم نے بدترین مہنگائی،سخت ترین بیروزگاری کے خلاف جو احتجاج اعلان کیئے ہیں اُس میں عوام کی شرکت حکمرانوں پر عدم اعتماد کامنہ بولتا ثبوت ہے سلیکٹڈ مسلط نااہل ناکام حکومت کا جانا لازمی ہوگیا ہے۔ 17نومبر کوئٹہ کے احتجاجی مارچ میں عوام اپنی بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں اس مارچ کی قیادت پی ڈی ایم کے مرکزی قائدین کرینگے۔ جبکہ 2دسمبر کو خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی 48ویں برسی کے موقع پر عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوگا عوام اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔


