عمران خان ٹیکس یورپی طرف پر وصول کر رہے ہیں جبکہ بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کچھ نہیں کر رہے، جمال شاہ کاکڑ

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان عوام سے ٹیکس یورپی طرز پر وصول کر رہے ہیں مگر انکی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہم کے لئے کچھ نہیں کر رہے تین سال میں عوام کی حالت ابتر کردی گئی ہے عوام سے ریونیو اکٹھا نہیں بلکہ انہیں صحت، تعلیم، امن، روزگار، پانی سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں، یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی انہوں نے کہا کہ عمران خان در اصل ملک کو یورپی طرز پر چلانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں وہ ٹیکسز اور ریونیو تو یورپ کی کسی ترقی یافتہ اور فلاحی ریاست کی طرز پر اکھٹا کر رہے ہیں اور عوام پر اسی تناسب سے مہنگائی بھی نافذ کر رہے ہیں مگر شاید وہ بھول گئے ہیں کہ یورپ میں حکومتیں ٹیکس کے بعد عوام کو صحت، تعلیم، روزگار، امن وامان، انصاف جیسی بنیادی سہولیات مہیا کر تی ہیں لیکن عمران خان نے تین سالوں سے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا الٹا عوا م کو مہنگائی اور کرپشن کے بوجھ تلے دھنسا دیا ہے عوام چھوٹے سے چھوٹے کام کے لئے رشوت دینے پر مجبور ہیں گرمی میں بجلی اور سردی میں گیس نہیں ملتی لیکن اس کے برعکس بھاری بھر قم بل عوام کو تھمائے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ ریاستیں او ر ملک ایسے نہیں چلائے جا سکتے جیسے موجودہ حکومت چلا رہی ہے پاکستان میں عوام کا معیار زندگی بد ترین ہوگیا ہے نہ انفراسٹرکچر پر کوئی کام ہورہا ہے اور نہ ہی بنیادی سہولیات کی فراہم پر توجہ دی جارہی ہے جو پیسے عوام کی فلاح و بہود پر خرچ کئے جانے تھے وہ کرپشن کے بلیک ہول میں ڈالے جارہے ہیں پیٹرولیم مصنوعات اور اشیاء خورد ونوش کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کردیا گیا ہے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے انہوں نے کہا کہ انصاف کا نظام تباہ ہوگیا ہے عوام کونہ سستا انصاف مل رہا ہے اور نہ ہی انکی شنوائی ہورہی ہے حکومت ٹیکسز اور ریونیو اکھٹے کر نے کے بجائے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دے تاکہ قوم میں پائی جانے والی تشویش اور سرا سیمگی کے عالم کو ختم کیا جائے

اپنا تبصرہ بھیجیں