ایک ہفتہ کے اندر سبی اور واشک میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی برانچیں کھولی جائیں،صوبائی وزیر تعلیم
کوئٹہ:صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ خان مری نے کہا ہے کہ ایک ہفتہ کے اندر اندر سبی اور واشک میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی برانچیں کھولی جائیں تاکہ ان علاقوں کے لوگوں کو اپنے چھوٹے چھوٹے کاموں کیلئے کوئٹہ نہ آنا پڑے،صوبے کے دوردراز علاقوں میں تعلیم کی سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں جس میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا یہ بات انہوں نے جمعہ کو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے چیئرمین پروفیسر یوسف بلوچ نے صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ خان مری کو بورڈ کے بارے میں جامع بریفنگ دی۔صوبائی و زیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے بورڈ کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اورلوگوں سے بورڈمیں دی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔پروفیسریوسف بلوچ نے بتایا کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن امتحانات کے تمام مراحل کو آن لائن کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہا ہے بورڈ کے بعض شعبوں کو آن لائن کردیا گیاہے اور امتحانات کے دوران لوگوں کو اپنے امتحانات کیلئے کاغذات کوئٹہ آکرجمع کرانے کی بجائے اپنے ہی علاقوں میں جمع کرانے کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔صوبائی وزیرتعلیم میر نصیب اللہ مری نے کہا کہ صوبے کے دور درازعلاقوں میں تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پراقدامات کررہی ہے اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ قابل قبول نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ کے اندراندر سبی اورواشک میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی برانچز کھولنے کیلئے اقدامات اٹھائیں جائیں تاکہ سبی، کوہلو،کچھی، واشک، چاغی، خاران، دالبندین کے طلباء و طالبات کو اپنے چھوٹے چھوٹے کاموں کیلئے کوئٹہ کے چکر نہ لگانے پڑیں۔انہوں نے چیئرمین بورڈ اوردیگر حکام کو ہدایت کی کہ طلباء و طالبات کوہرممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ انہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


