تربت ٹرالنزٹ گاڑیوں کی اچانک پکڑ دھکڑ تاجر اورسول سوسائٹی سراپا احتجاج
تربت(نمائندہ انتخاب) کسٹم کی جانب سے ٹرانزٹ گاڑیوں کی اچانک پکڑدھکڑ شروع، 8گاڑیاں ضبط کرنے کی اطلاع، انجمن تاجران تربت کا احتجاج، تربت سول سوسائٹی کی شدیدمذمت،عوامی سطح پر احتجاج کا اعلان، بدھ کے روزکسٹم کی جانب سے اچانک شہر میں ٹرانزٹ گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ شروع کردی گئی اور 8گاڑیاں پکڑیں،کسٹم کی کاروائی کے خلاف انجمن تاجران تربت نے کسٹم آفس کے سامنے احتجاج کیا اور کہاکہ لوگوں نے اپنی ضرورت کیلئے جائز طریقے سے گاڑیاں لی ہیں یہ گاڑیاں چوری کی نہیں ہیں نہ ہی غیرقانونی ہیں، وقتاً فوقتاً حکومت ان گاڑیوں کیلئے ایمنسٹی اسکیم کااعلان کرتی رہی ہے یہ گاڑیاں صرف تربت میں نہیں بلکہ بلوچستان اورکے پی کے میں موجود ہیں مگر کہیں پر بھی اس طرح کی کاروائی نہیں ہوتی صرف تربت میں کاروائی یہاں کے عوام کے ساتھ ایک صریح زیادتی کے سواکچھ نہیں، جسے کسی صورت یہاں کے عوام اورتاجربرداشت نہیں کریں گے، تربت سول سوسائٹی نے اس عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے عوام کے ساتھ مل کر کل سے کسٹم آفس کے گھیراؤ کا فیصلہ کیا ہے، تربت سول سوسائٹی ترجمان کے مطابق کسٹم حکام کا یہ عمل حالات کو جان بوجھ کر خراب کرنے اور عوام کو بلاوجہ مشتعل کرنے کی ایک سازش ہے،ترجمان نے کہا کہ اہلیان تربت کے ساتھ ایسا سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔تربت(نمائندہ انتخاب) کسٹم نے پکڑی گئی گاڑیاں مالکان کو واپس کردیں، کسٹم کی جانب سے بدھ کے روزایک کاروائی کے دوران4ٹرانزٹ گاڑیاں پکڑی گئی تھیں جنہیں صوبائی مشیرپی ایچ ای لالہ رشیددشتی اور انجمن تاجران کیچ کے صدرحاجی کریم بخش کی کوششوں سے کسٹم نے مالکان کو رات گئے واپس کردیا، انجمن تاجران تربت کے صدرحاجی کریم بخش نے بتایاکہ اس سلسلے میں ایس ایس پی کیچ بہرام خان مندوخیل نے ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا، صوبائی مشیر پی ایچ ای لالہ رشیددشتی نے کمشنرمکران ڈویژن سے رابطہ کرکے انہیں اس صورتحال سے آگاہ کیا جس پر کمشنرمکران ودیگر متعلقہ حکام نے کسٹم حکام کے ساتھ رابطہ کیا۔


