پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے سانحہ سیالکوٹ کو بربریت پر مبنی اقدام قرار دے دیا
کو ئٹہ،پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی بیان میں سیالکوٹ میں سری لنکن باشندے پریانتھا کمارا کی وحشیانہ موت کے المناک واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے جنونیت، وحشت و بربریت تعصب پر مبنی اور اعلیٰ انسانی و اسلامی اقدار کے منافی اور مذہبی روایات کے برعکس اقدام قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مذہب کے نام پر ایسے غیر انسانی اور غیر اسلامی اقدام رویہ اور طرز عمل ناقابل برداشت اور قابل گرفت ہے اور ایسے جنونیت،وحشت پر مبنی روئے اور طرز عمل کا ہر سطح پر تدارک لازمی ہے جو بدترین تعصب، مذہبی جنونیت اور وحشت کی بنیاد پر قانون ہاتھ میں لے کر انسانیت اور اسلام کے اعلیٰ اقدار اور اصولوں کی تذلیل کے مرتکب ہو کر ملک کے قانون سے بالاتر ہو کر معصوم انسان کی جان کے قتل کے ناقابل معافی جرم کا اقدام کرے۔ بیان میں سری لنکن باشندے کے المناک قتل میں ملوث مجرموں کو قرار واقعی سزا دینے اور ایسے جنونیت پر مبنی رویے اور طرز عمل کے روک تھام کے لئے مستقل بنیادوں پر اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا گیاہے کہ ایسے منفی رجحانات اور مذہبی جنونیت پر مبنی رویہ اور طرز عمل ملک کے تمام اقوام اور عوام کے معاشرتی زندگی کو تہہ و بالا کرکے رکھ دے گی اور بین الاقوامی طور پر ملک کے وقار اور حیثیت کو کمزور کرنے کے ساتھ ساتھ بدنامی کا باعث ہوگی۔


