ڈیرہ مراد جمالی میں گیس سلنڈر دھماکا، ایک ہی خاندان کے پانچ افراد زخمی

ڈیرہ مراد جمالی (آئی این پی) ڈیرہ مراد جمالی میں گیس سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹنے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد زخمی ہوگئے جن میں بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر ٹراما سینٹر منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی گئی۔تفصیلات کے مطابق سید عاشق رسول شاہ محلہ میں رات گئے گھر میں گیس سلنڈر اچانک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کا تعلق ابڑو قبیلے سے بتایا جاتا ہے۔واقعے کے فوری بعد زخمیوں کو ٹراما سینٹر ڈیرہ مراد جمالی منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹر نصیر احمد عمرانی اور پیرا میڈیکل اسٹاف ڈاکٹر یسین ڈومکی پر مشتمل طبی ٹیموں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی۔واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نصیر آباد ڈاکٹر ایاز جمالی بھی سول ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی پہنچ گئے اور زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں