سرکاری دفاتر تمام سائلین کیلئے کھلے رکھنے چاہئیں،قدوس بزنجو

کوئٹہ:وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ سرکاری دفاتر بلاتعصب تمام سائلین کے لیے کھلے رکھنے چاہیے افسران فرائض کی انجام دہی میں قوم، فرقہ اور مذہب کو حائل نہ ہونے دیں افسران اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں اور سرکاری امور کو التوا کا شکار نہ ہونے دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی سیکرٹریوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات اور صوبائی محکموں کے تمام سیکرٹریوں نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ حکومت کی تبدیلی کے بعد افسران سے یہ میرا پہلا رابطہ ہے اور آج کی اس ملاقات کا مقصد افسران کو اپنی حکومت کی ترجیحات اور افسران سے وابستہ امیدوں سے آگاہ کرنا ہے انہوں نے کہا کہ صوبے میں سیاسی سطح پر ہونے والی تبدیلی ایک سوچ اور مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے عمل میں آئی ہے جس کا مقصد گورننس کی بہتری کے ذریعے عام آدمی کی بھلائی ہے اور اس مقصد کا حصول سیکریٹریز کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ وزیر اعلی نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری ذمہ دار اور قابل احترام افسران ہے وہ میری ٹیم بن کر میرے ہاتھ مضبوط کریں گے اور ہماری روایات میں بھی ایک دوسرے کو عزت دی جاتی ہے تمام سیکرٹریوں کو میری اور میرے دفتر کی جانب سے بھرپور عزت، احترام اور تعاون ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ ایک شخص سے نہیں چلتا بلکہ تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہوتا ہے وزیراعلی نے ہدایت کی کہ سرکاری دفاتر اور حکومتی اداروں تک عام آدمی کو رسائی دیں اور ان کا اعتماد بحال کریں دفاتر میں زیادہ وقت اجلاسوں، بریفنگز اور پریزنٹیشنز میں صرف ہوتا ہے افسران اس وقت کو عوامی مفاد کے لیے استعمال کریں۔ وزیراعلی ہدایت کی کہ صرف ان کیسز اور سمریوں کو میرے پاس بھجوائیں جن کا وزیر اعلی تک پہنچنا ضروری ہے اور رولز آف بزنس میں بھی سرکاری امور کی انجام دہی کی وضاحت موجود ہے وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ افسران ضلعی دفاتر کو فعال بنا تے ہوئے وقت کی پابندی کریں اور ماتحت سٹاف کو بھی وقت کا پابند بنائیں۔وزیر اعلی نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ افسران نے اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ بھرتی کے عمل میں اہلیت اور شفافیت ہر صورت قائم کی جائے ترقیاتی منصوبوں کا معیار اور ان کی بروقت تکمیل بھی افسران کی ذمہ داری ہے اور ہم سب نے مل کر ترقیاتی منصوبوں اور بھرتیوں کے عمل میں بدعنوانی کے تاثر کو ختم کرنا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ہماری حکومت کی توجہ روزگار پر بھی مرکوز ہے کسی بھی حکومت کی کامیابی کے لئے گڈ گورننس،شفافیت، سروس ڈلیوری اور وقت کی پابندی اور عوام کی اداروں تک رسائی بہت اہم ہیں اس کے ساتھ ساتھ آئین و قانون اور قواعد و ضوابط کی پاسداری بھی اہمیت کی حامل ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے اور ہم سب آپ کے تعاون سے امور کو بہتر سمجھتے ہوئے کمی بیشیاں دور کریں گے انہیں فاسٹ ٹریک کریں گے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ہم ایسے صوبے میں رہتے ہیں جہاں وسائل کم اور مسائل زیادہ ہے آسمان سے فرشتے آکر ہمارا نظام نہیں ٹھیک کریں گے بلکہ اپنے سسٹم کی بہتری کے لیے ہمیں خود ہی کوشش کرنی ہوگی۔ وزیر اعلی نے اس موقع پر تمام افسران کو ہدایت کی کہ ہفتہ یا دس دن میں کم از کم صوبے کے کسی ایک ضلع کا ضرور دورہ کریں اور وہاں بہتری کے لیے تجاویز بھی پیش کریں اور ایک ٹیم ورک اور عوام کے تعاون سے امور کو بہتری کی طرف لے جائیں۔ اس موقع پر افسران نے وزیراعلی سے موجودہ مسائل اور ان کے حل سے متعلق بات چیت بھی کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں