قلات، سردی منفی 12، گیس غائب، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں

قلات:قلات میں سردی نے ڈھیرے ڈال دیئے۔ سردی کی شدت میں مزید اضافہ، پارہ منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا، نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی، بازار و مارکیٹیں ویران لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ گیس کی مکمل بندش و بجلی کی ٹرپننگ سے بھی صارفین کی مشکلات بڑھ گئی، لوگ گرم علاقوں کی جانب نقل مکانی پر مجبور، تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے سرد ترین علاقے قلات اور منگچر میں خون جمادینے والی سردی کی وجہ سے لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے محکمہ موسمیات قلات کے انچارج شیراحمد مینگل کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت منفی بارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس شدید سردی میں بھی گیس پریشر مکمل غائب جبکہ بجلی کی آنکھ مچولی اور ٹوفیس کا سلسلہ بدستور جاری رہا۔ دوسری جانب شدید سردی میں گیس پریشر کی مکمل بندش پر لوگ گرم علاقوں کی طرف ہجرت پر مجبور ہوچکے ہیں عوامی حلقوں نے چیف جسٹس آف پاکستان، وفاقی محتسب اعلی و دیگر ذمہ داران سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں