جرم ثابت ہونے پر احتساب عدالت نے ملزم کو 5سال قید اور جرمانے کی سزا سنا دی
کوئٹہ: احتساب عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب منور احمد شاہوانی نے قومی خزانے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچانے کے ریفرنس میں نامزد ملزم اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر اور پی آر سی انچارج حب لسبیلہ کوجرم ثابت ہونے پر5سال قید اور 10کروڑ 52لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔ معزز عدالت کے احکامات کے فورا بعد ملزم کو جیل منتقل کردیا گیا ہے۔نیب بلوچستان کی جانب سے سینئر پراسیکیوٹر ضمیر چھلگری نے کیس کی پیروی کی۔نیب بلوچستان کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے ملزمان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیاتو معلوم ہوا کہ ملزم اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر امیر بخش کھوسہ نے پی آر سی سینٹر حب میں انچارج کی حیثیت سے کام کرتے ہوئے 23ہزار سے زائد گندم کی بوریوں میں خرد برد کی جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔نیب بلوچستان نے ملزمان کے خلاف تحقیقات مکمل کرکے ریفرنس احتساب عدالت میں جمع کرادیا تھا۔ جس پر معزز احتساب عدالت کوئٹہ نے آج فیصلہ سناتے ہوئے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر اور پی آر سی انچارج حب لسبیلہ کوجرم ثابت ہونے پر5سال قید اور 10کروڑ 52لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی عدالت کے فیصلے اور نیب قانون کے مطابق ملزم دس سال کے لئے کسی بھی عہدے کے لئے نا اہل تصور کیا جائے گا، ملزم کسی بھی بینک سے کسی قسم کا قرض اور مالی فائدہ نہیں حاصل کر سکے گا۔ واضح رہے کہ احتساب عدالت نے گزشتہ چند ماہ میں پانچ مختلف کرپشن کے کیسز میں نیب بلوچستان کی تحقیقات اور دلائل کی روشنی میں ملزمان کو سزائیں سنائی ہیں۔


