حکومت بارش متاثرین کی بروقت امداد یقینی بنائیں، مولانا عبدالحق ہاشمی
کوئٹہ :امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ حکومت بارش متاثرین کی بروقت امداد یقینی بنائیں بارشوں سے قبل رڈالرٹ توجاری کیاجاتا ہے لیکن بارش شروع ہوتے ہی پریشانی ومشکل میں عوام کو ان کے حال پر چھوڑ دیا جاتاہے جو حکومتی ناکامی اور لمحہ فکریہ ہے۔جماعت اسلامی کے کارکنان والخدمت کے رضاکاربارش سے متاثرہ علاقوں میں عوام کی ممکنہ تعاون ومدد کریں۔مہنگائی بے روزگاری اور غربت کی وجہ سے اہل بلوچستان بہت زیادہ پریشان ہیں۔انہوں نے کہاکہ بدترین مہنگائی کی وجہ سے عوام نان شبینہ کے محتاج ہیں حکومت عوام کے مسائل وپریشانیوں میں روزبروزاضافہ کر رہی ہے۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا، گھی اور چینی کی قیمتوں میں اضافہ سے بھی عوام پریشان ہیں۔حکومت یوٹیلٹی اسٹورپر عوام کو ریلیف دیں اساس پروگرام تک عوام کی رسائی مشکل ہیں۔حکمرانوں کے بے عمل اعلانات ووعدے اور تقاریرمیں عوام کیلئے کچھ نہیں عملی طور پر حکمران عوام کو ریلیف دیں مہنگائی بے روزگاری اور غربت میں بدترین اضافے کے باوجود حکمرانوں کا عوام کو نہ گھبرانے کا مشورہ دانشمندی نہیں۔بلوچستان کے شہروں چند گھنٹوں کی بارش سے شہر سیلاب کی نظر ہوجاتے ہیں بارشوں کے دوران حکومتی انتظامی غفلت کی وجہ سے صورتحال گھمبیر ہوجاتی ہے اس سب کے باوجودحکومت و انتظامیہ اپنی مجرمانہ غفلت کو تسلیم نہیں کر رہی بلکہ الٹا اپنی ناقص کارکردگی کا ملبہ بھی عوام پر ڈال کر بری الذمہ ہونا چاہتے ہیں۔ طوفانی بارشوں کی پیشگی اطلاعات کے باوجود حفاظتی اقدامات نہیں کیے جاتے جو لمحہ فکریہ ہیں بے روزگاری، مہنگائی نے عوام کا بر ا حال کردیا ہے۔ 22کروڑ عوام سے کیے گئے وعدوں میں کوئی ایک وعدہ بھی تکمیل تک نہیں پہنچا۔ المیہ یہ ہے کہ موجودہ حکمرانوں کے پاس اہل افراد اور وژن کی کمی ہے۔ حکمران صبح جو وعدہ کرتے ہیں شام میں اس پر یوٹرن لے لیتے ہیں۔ تبدیلی کے نام پر بر سر اقتدار آنے والی حکومت بھی بے نقاب ہوچکی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ حکمران عوام کو ریلیف فراہم کریں بصورت دیگر ان کا انجام بھی ماضی کی حکومتوں جیسا ہوگا۔


