بلوچستان، محکمہ تعلیم میں تدریسی اسامیوں کی ریکروٹمنٹ پالیسی پر نظر ثانی کا مطالبہ

نوشکی: محکمہ تعلیم بلوچستان کی جانب سے سی ٹی ایس پی کے تحت اساتذہ بھرتی کے لئے 2019 میں لئے گئے امتحان میں پاس امیدواروں صفی اللہ،حافظ ثناء اللہ،نصیب اللہ،یحی شاہ،عاصم خان،مختیار احمد ودیگر نے اپنے بیان میں کہا کہ ضلع نوشکی میں سرکاری اساتذہ کی بہت کمی ہے اس وقت ضلع نوشکی میں تقریبا 41 سرکاری اسکول اساتذہ نہ ہونے کی وجہ سے بند ہیں جس کی وجہ سے ان علاقوں میں ہزاروں کی تعداد میں طلباء علم کی شمع سے محروم ہو رہے ہیں جب کہ دوسری جانب محکمہ تعلیم نے 2019 اساتذہ بھرتی پالیسی کے نام پر ایک ایسا کالا اور ظالمانہ قانون کا اطلاق کیا جو ماورائے عقل ہے۔محکمہ تعلیم بلوچستان کو اگر اساتذہ بھرتی کی اپنی پالیسی کو لاگو کرنا تھا توکسی ایک پوسٹ کے لئے اہل امیدوار کو دوسرے پوسٹ کیلئے فارم جمع کرنے سے روکا جانا چاہئے تھا لیکن امید واروں سے زیادہ سے زیادہ پسے بٹورنے کیلئے انہیں دیگر آسامیوں کیلئے اہل تسلیم کر کے انکا وقت اور پیسہ لوٹا گیا اگر پالیسی یہی اختیار کرنی تھی تو ہر امید وار سے کسی ایک آسامی کیلئے فارم لیکر جمع کئے جانے چاہئے تھے۔محکمہ تعلیم بلوچستان کی ظالمانہ پالیسی کے مطابق اگر ایک امید وار ایک سے زائد آسامیوں کیلئے شارٹ لسٹ ہوا ہے تووہ صرف ایک آسامی کو پر کریگا اور باقی خالی تصور کئے جائیں گے اور پھر سے مشتہر کئے جائیں گے اور ویٹنگ میں موجود اہل امیدوار نہیں لئے جائیں گے حالانکہ سی ٹی ایس پی کے اعلان کردہ پریس ریلیز میں بھی کہا گیا ہے کہ اگر مذکورہ یونین میں امیدوار مطلوبہ نشستوں پرکامیاب نہیں ہوتے تو تحصیل اور اگر تحصیل کے سطح پر نہیں تو ضلعی سطح پر اہل امیدواروں کو میرٹ کے بنیاد پر تعینات کیا جائیگا مگر بدقسمتی سے جب تعیناتی کا وقت آیا تو صرف شارٹ لسٹ امیدواروں کو تعینات کیا جا رہا ہے جس کا نقصان ان علاقوں کے طلباء کو ہونے کے ساتھ ساتھ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو بھی ہوگا لہذا ہم وزیر اعلی بلوچستان،وزیر تعلیم بلوچستان،سیکٹری تعلیم ودیگر بالا حکام سے اپیل کرتے کہ وہ اس کالے اور ظالمانہ پالیسی کو ختم کریں اور این ٹی ایس 2014-15 کی پالیسی کو اختیار کریں اور ویٹنگ لسٹ کے مطابق خالی آسامیوں کو پر کریں۔


