سیاحتی مقام پرگنجائش سے زیادہ سیاحوں کی آمد حکومت کی ناکامی ہے،نواب ثناء اللہ زہری
کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء چیف آف جھا لاوان سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے سانحہ مری پر افسوس کا اظہار کر تے ہوئے کہا ہے کہ سیاحتی مقام پر گنجائش سے زیادہ سیاحوں کی آمد حکومت کی ناکامی ہے وفاقی اور پنجاب حکومت پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت پرتنقید کے بجائے کارکردگی پر توجہ دیتے تو افسوسناک واقعہ رونماء نہ ہوتا۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو اپنے جا ری کر دہ ایک بیان میں کہی۔ چیف آف جھا لاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ نیازی کارواں میں شامل افراد کی کارکردگی صرف میڈیا کی حد ہے بدقسمتی سے عملی طور پر ملک تباہی کا منظر پیش کررہا ہے،محکمہ موسمیات کی جانب سے الرٹ جاری ہونے کے باوجود سانحہ کا رونماء ہونا حکومتی غفلت کا نتیجہ ہے،شہری سڑکوں پر اپنی جانیں گنوارہے ہیں لیکن حکومت کو کوئی خبرتک نہیں، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی متاثرہ خاندانوں کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے،سابق وزیر اعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کر تے ہوئے اورمرحومین کیلئے مغفرت کی دعا کی ہے۔


