انڈونیشیا میں شدید زلزلہ، 900 سے زائد گھر و عمارتیں تباہ، 2 افراد زخمی

جکارتہ:انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ اور اس کے گردونواح میں گزشتہ روز آنیوالے 6.6 شدت کے زلزلے کے بعد 900 سے زائد گھر و عمارتیں تباہ اور 2 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔موسمیات، ماحولیات اور ارضی طبیعیات ایجنسی کے حکام نے ہفتہ کے روز بتایا کہ ریکٹر اسکیل پر نظر ثانی شدہ 6.6 شدت کا زلزلہ جمعہ کو جکارتہ کے وقت کے مطابق شام 4 بجکر 5 منٹ(سہ پہر 2 بجکر 5 منٹ پاکستانی وقت) پر آیا جس کا مرکز ضلع پنڈیگلانگ کے ذیلی ضلع سومور سے 52 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا۔حکام کے مطابق زیادہ تر نقصان صوبہ بانتین کے ضلع پنڈیگلانگ میں ہوا ہے اس کے علاوہ صوبے کے ضلع لیباک اور سیرانگ اور صوبہ مغربی جاوا کے اضلاع بوگور اور سوکابومی میں بھی زلزلے سے نقصانات ہوئے ہیں۔دارالحکومت جکارتہ میں زلزلے کے جھٹکوں سے خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ اونچی عمارتوں، خریداری مراکز اور گھروں سے باہر نکل آئے، تاہم جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔حکام کے مطابق تمام متعلقہ شہروں میں زلزلے کے باعث 922 مکان اور عمارتیں تباہ ہوئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں