پاکستان فوری طورپرطالبان حکومت کو تسلیم کریں، جمعیت علماء اسلام

کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام(س) کے صوبائی سرپرست اعلیٰ مولانا عبدالحلیم نے کہا ہے کہ پاکستان اوراسلامی ممالک فوری طورپر افغان طالبان حکومت کو تسلیم کریں اور افغان عوام کی امداد کیلئے آگے بڑھیں کیونکہ افغان عوام اسوقت شدید مشکلات سے دوچار ہیں ہمیں مسلمان ہونے کے ناطے انکی ہرممکن مدد کرنی چاہئے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام (س) نے شروع دن سے افغان طالبان کی کھل کر حمایت کی ہے اور اب جبکہ افغانستان میں طالبان نے مکمل طور پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے اور امریکہ سمیت نیٹو فورسز کو شکست سے دوچار کیا ہے اب پاکستان اوراسلامی ممالک کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ فوری طور پر افغانستان میں طالبان کی حکومت کو تسلیم کرتے ہوئے انکی ہرممکن امداد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اقوام متحدہ کی جانب سے افغانستان پر پابندیاں عائد کرنا اورا فغان حکومت کے اکاونٹس منجمند کرنے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں اسلامی ممالک کے حکمران آگے بڑھ کرافغان عوام اور طالبان حکومت کی ہرممکن تعاون کو یقینی بنائیں تاکہ وہاں کوئی انسانی المیہ جنم نہ لے سکے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں طویل جنگ کی وجہ سے افغان معیشت تباہ ہوچکی ہے اورکاروبار نہ ہونے کی وجہ سے افغان عوام شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں اب بحیثیت مسلمان ہماری یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ اپنے افغانستان کے مسلمان بھائیوں کی ہرممکن امداد کو یقینی بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں