شاہ محمود نے یوسف رضا گیلانی کے استعفے کی بات کو کھیل قرار دے دیا
اسلام آباد:وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی کے استعفے کی بات کو کھیل قرار دے دیا اور کہاکہ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ انہیں ایجنڈے کی بروقت اطلاع نہیں ملی جب کہ گیلانی کے آفس سے اطلاعات ملی ہیں کہ دو روز پہلے معلومات آگئی تھیں کہ اہم بل آرہا ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ استعفے کی بات کرنا بھی کھیل ہے جو کھیلا جارہا ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ انہیں ایجنڈے کی بروقت اطلاع نہیں ملی جب کہ گیلانی کے آفس سے اطلاعات ملی ہیں کہ دو روز پہلے معلومات آگئی تھیں کہ اہم بل آرہا ہے۔خیال رہے کہ اسٹیٹ بینک ترمیمی بل پر سینیٹ میں حکومت کو فائدہ پہنچانے کے الزام پر یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا ہے۔واضح رہے کہ سینیٹ میں اسٹیٹ بینک ترمیمی بل پر اپوزیشن کو ایک ووٹ سے شکست ہوئی تھی اور اس دوران ایوان میں یوسف رضا گیلانی کی عدم حاضری پر اپوزیشن کی بعض جماعتوں نے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا جب کہ حکومتی وزرا نے گیلانی کا شکریہ ادا کیا تھا۔


