ٹڈی دل کی تباہ کاریاں کورونا سے زیادہ خطرناک ہیں، ثناء بلوچ

کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء و رکن صوبائی اسمبلی ثناء بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستا ن مین ٹڈی دل کی تباہ کاریاں کورونا وائرس سے زیاد ہ خطرناک ہیں صوبے میں فوری طور پر ٹاسک فورس بنا کر زمینداروں کے ٹڈی دل سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے، رخشان، مکران،نصیر آباد ڈویژن میں اگر ٹڈی دل کا تدارک نہ کیا گیا تو صوبے میں قحط سالی اور ابتر صورتحال کا اندیشہ ہے،یہ بات انہوں نے پیر کو اپنی رہائشگا ہ پر ملاقات کرنے والے خاران اور کوئٹہ کے زمینداروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ دو ہفتے قبل بھی صوبائی حکومت کی توجہ ٹڈی دل کے حملوں کی جانب مبذول کروائی گئی تھی لیکن کسی قسم کے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے آج رخشان، مکران،نصیر آباد ڈویژن میں گندم، زیرہ، پیاز سمیت کئی دیگر کھڑی فصلوں کے خراب ہونے کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل نے بلوچستان بھر میں شدید حملہ کیا ہے جسکی وجہ سے زمیدار پریشان ہیں اس کا واحد حل یہی ہے کہ صوبے بھر کے زرعی علاقوں میں ایریل اسپرے کیا جا ئے اس کے ساتھ ہی صوبائی حکومت ایک ٹاسک فورس تشکیل دے جو زمینداروں کے نقصانات کا ازالہ کرنے کے ساتھ ساتھ وفاق سے رابطہ کرکے ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے اقدامات کرے، انہوں نے کہا کہ زراعت بلوچستان کا اہم ترین ذریعہ معاش ہے صوبائی اور وفاقی حکومتیں کورونا کے ساتھ ساتھ ٹڈی دل کی بتاہ کاریوں پر بھی توجہ دیں کیونکہ بلوچستان میں اس کے اثرات کورونا وائرس سے بھی خطرناک ہو سکتے ہیں یہاں پر مال مویشی،فصلیں، مکمل تباہ ہوگئی ہیں لہذا فل الفور ٹڈی دل کے خاتمے اور زمینداروں کے نقصانات کے ازالے کے اقدامات کئے جائیں انہوں نے واضح کیا کہ صوبے کے زمینداروں کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے

اپنا تبصرہ بھیجیں