ایک روز میں غیر قانونی طور پر 700 سے زائد تارکین وطن برطانیہ پہنچنے کا نیا ریکارڈ

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانوی میڈیا کے مطابق بدھ کو سمندر کے راستے 700 سے زائد تارکین وطن برطانیہ پہنچے۔ہوم آفس کے مطابق 14 کشتیوں کے ذریعے 711 افراد برطانیہ آئے، ایک کشتی پر اوسطاً 51 افراد سوار تھے۔رواں برس سمندر کے راستے غیر قانونی طور پر برطانیہ میں داخل ہونے والوں کی مجموعی تعداد 8 ہزار 278 تک جاپہنچی ہے۔ یہ تعداد گزشتہ سال اسی دوران برطانیہ آنے والے تارکین وطن سے 34 فیصد زیادہ ہے۔سال 2023 میں جنوری سے اپریل تک 6 ہزار 192 جبکہ 2022 میں اس عرصے کے دوران 6 ہزار 945 تارکین وطن سمندر کے راستے برطانیہ پہنچے تھے۔رواں سال سمندر کے راستے برطانیہ آنے والے تارکین وطن افراد میں سب سے زیادہ ویتنام کے افراد شامل ہیں۔گزشتہ برس سمندر کے راستے مجموعی طور پر 29 ہزار 437 جبکہ 2022 میں 45 ہزار 774 افراد برطانیہ آئے تھے، حکومت کی طرف سے سیفٹی آف روانڈا بل کے قانون بننے کے بعد 32 کشتیوں پر ایک ہزار 611 افراد برطانیہ پہنچ چکے ہیں۔ سیفٹی آف روانڈا ایکٹ کے بعد حکومت کو غیر قانونی تارکین وطن افراد کی روانڈا منتقلی کا اختیار مل گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں