فارم 47 کی سرکار کی ناقص کارکردگی کے بدولت بلوچستان بھر میں شاہرائیں بند اور عوام سراپا احتجاج ہے، نیشنل پارٹی

کوئٹہ (آن لائن) نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں ایس بی کے شارٹ لسٹڈ امیدواروں کی گرفتاری اور ان کو قید کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان حکومت باشعور و جدید دنیا سے بہت پیچھے اور پسماندہ ہے۔جو تعلیم سے منسلک طبقہ کو پولیس گردی کے زریعے لاٹھی چارج اور جیلوں میں بند کردیتی ہے۔جو افسوسناک ہے۔بیان میں کہاگیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے اور احکامات کے باوجود بلوچستان حکومت ایس بی کے شارٹ لسٹڈ امیدواروں کی تعیناتی نہیں کررہی ہے جو ان کی نیت میں فتور کو واضح کرتی ہے۔جب اس منفی پالیسی کے خلاف اور اپنے حق کے لیے امیدوار احتجاج کرتے ہیں تو فارم 47 کی سرکار پولیس گردی کے منفی و گھناونے کھیل کو استعمال کرتے ہوئے تشدد و گرفتاریاں کرتی ہے۔بیان میں کہاگیا کہ فارم 47 کی سرکار کی ناقص کارکردگی کے بدولت بلوچستان بھر میں قومی شاہرائیں بند اور عوام سراپا احتجاج ہے۔نااہل حکومت میں استعداد ہی نہیں کہ وہ معاملات و مسائل کو سیاسی بصیرت سے حل کریں۔بیان میں کہاگیا کہ ایس بی کے شارٹ لسٹڈ امیدواروں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور ان کی میرٹ کے مطابق تعیناتی میں لائی جائے۔نیشنل پارٹی ایس بی کے امیدواروں کے ساتھ ہے۔