قلات خودکش حملے کی مذمت، بلوچستان کا ہر فرد شہداء کی قربانیوں کا مقروض ہے، سرفرازبگٹی

کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات کے علاقے مغلزئی کے قریب قومی شاہراہ پر سیکورٹی فورسز کے قافلے پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے یہاں جاری ایک بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں بلوچستان کے امن و استحکام کو متاثر نہیں کر سکتیں حکومت اور سیکورٹی فورسز صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں وزیر اعلیٰ نے حملے میں شہید ہونے والے اہلکار عطاء اللہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی قربانی کو سراہا اور کہا کہ شہید کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا ہر فرد ان قربانیوں کا مقروض ہے ان شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے حملے میں زخمی ہونے والے دیگر اہلکاروں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں بلوچستان میں امن کے قیام اور عام آدمی کے تحفظ کے لیے ہیں اور پوری قوم ان کی بہادری اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کے لیے سیکورٹی فورسز کی خدمات اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی اور حکومت امن دشمن عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کرے گی انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں امن و امان کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا