علی امین گنڈاپور کے خلاف فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے،فوادچوہدری
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر اور گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور کے بھائی عمر امین کو نااہل قرار دینے کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ عمرامین گنڈاپور کے خلاف فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے واضح طور پر ڈی آئی خان میں فضل الرحمان کو شکست کا سامناتھا ایسے میں پی ٹی آئی کے امیدوار کو نااہل قرار دے دیا گیا۔فوادچوہدری نے لکھا کہ بھائی کی جانب سے انتخابی مہم چلانے پر امیدوار کو نااہل قرار دیا گیا ایسے فیصلے الیکشن کمیشن کو متنازع بناتے ہیں۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کے بھائی عمر امین کو نااہل قرار دیا تھا۔عمر امین گنڈا پور کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نااہل کیا گیا، عمرامین گنڈاپورڈی آئی خان سے پی ٹی آئی کے تحصیل میئر کے امیدوار ہیں۔


