حب ،نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بچی جاں بحق
حب(نمائندہ انتخاب) حب شہر کے علاقہ گلشن امیر آباد گھر میں فائرنگ کا واقعہ ،گولی لگنے سے 4سالہ بچی جاں بحق ہو گئی ،مقتولہ بچی کے والد واقعہ کو دشمنی جبکہ پولیس اتفاقیہ گولی لگنے کا شاخسانہ قرار دے رہی ہے ،حب سٹی پولیس کم سن بچی کے قتل کیس کی گتھی سلجھانے کیلئے سرجوڑ کر بیٹھ گئی اس سلسلے میں بتایاجاتا ہے کہ بدھ کی شام 4سالہ بچی سمیرہ بی بی کی لاش جام غلام قادر گورنمنٹ اسپتال لائی گئی جو کہ گردن کی عقبی طرف گولی لگنے سے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ چکی تھی اس حوالے سے مقتولہ کے والد رزاق مگسی نے بتایا کہ واقعہ انکی پُرانی دشمنی کا نتیجہ ہے انھوں نے مزید بتایا کہ وہ اپنے گھر پر موجود تھے کہ تین افراد انکے گھر میں داخل ہوگئے اور ان پر فائرنگ کردی جس میں وہ معجزانہ طور پر بچ گئے جبکہ مقتولہ 4سالہ سمیرہ بی بی گولی کی زد میں آگئی انھوں نے بتایا کہ وہ ملزمان میں سے2کو جانتے ہیں جنکے نام غلام مصطفی اور لطف علی ہیں جبکہ انکے تیسرے ساتھی جو کہ نقاب لگائے ہوئے تھے کو پہنچان نہ سکے تاہم رابطہ کرنے پرحب سٹی پولیس تھانہ کےSHOحاصل خان قمبرانی کا کہنا تھا کہ مقتولہ بچی کے والد کے بیان میں تضاد ہے پہلے اس نے پولیس کو بتایا کہ بچے کھیل رہے تھے کہ اتفاقیہ گولی چلنے سے انکی بچی کو گولی لگی جبکہ بعدمیں اس نے اپنا بیان بدل دیا اور واقعہ کو دشمنی کا نتیجہ بتا رہے ہیں SHOکا مزید کہنا تھا کہ واقعہ اتفاقیہ گولی چلنے کا نتیجہ ہو سکتا ہے تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہے تاکہ اصل حقائق کو سامنے لایا جاسکے ۔


