یوکرین، جنگ کی رپورٹنگ کرنے والے دو صحافی ہلاک

کیف:امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز نے منگل کے روز بتایا ہے کہ ادارے کے لیے کام کرنے والے کیمرہ مین پئیر زاکرزوسکی یوکرین میں ہلاک ہو گئے ہیں۔زاکرزوسکی کی عمر 55 برس تھی اور وہ فاکس نیوز کے نامہ نگار بینجمین ہال کے ساتھ زخمی ہوئے تھے۔ ان کی گاڑی کیف کے نزدیک ہورینکا میں فائرنگ کی زد میں آئی تھی۔

یوکرین کی وزارت داخلہ کے مشیر اینٹن جیراشیچینکو کے مطابق ان دونوں صحافیوں کے ساتھ ایک یوکرینی صحافی، اولیکسینڈرا کوشئنوا بھی گاڑی میں موجود تھیں اور وہ بھی فائرنگ کے واقعے کے نتیجے میں ہلاک ہو گئی ہیں۔بینجمین ہال، جو فاکس نیوز کی طرف سے امریکی محکمہ خارجہ کے نامہ نگار ہیں ابھی تک ہسپتال میں ہیں اور ان کا علاج جاری ہے۔

ہال اور ہلاک ہونے والے زاکرزوسکی دونوں تجربہ کار صحافی ہیں اور انہوں نے اس سے پہلے افغانستان، عراق اور شام میں بھی صحافتی خدمات سرانجام دی ہیں۔فاکس نیوز میڈیا کی سی ای او سوزین سکاٹ نے سٹاف کو جاری کیے گئے میمو میں بتایا کہ لندن سے تعلق رکھنے والے زاکرزوسکی میں بے پناہ ٹیلنٹ تھا۔

میمو کے مطابق زاکرزوسکی کہانی سنانے پر یقین رکھتے تھے اور ان کی بہادری، پروفیشنل ازم اور کام کے طریقہ کار معروف تھے۔ میمو میں مزید لکھا گیا کہ میڈیا انڈسٹری میں جس نے بھی بیرون ملک کی کسی رپورٹ پر کام کیا ہو وہ پئیر کو نہ صرف جانتے ہیں بلکہ ان کا احترام کرتے ہیں۔سوشل میڈیا پر بھی بہت سے صحافیوں نے زاکرزوسکی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ فاکس نیوز کے اینکر بل ہیمر نے ٹوئٹر پر ان کی موت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک لیجنڈ تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں