تھری اے الائنس فراڈ ریفرنس میں نامزد ایک اور مفرور ملزم کراچی سے گرفتار
کوئٹہ: قومی احتساب بیورو (نیب )بلوچستان نے تھری اے الائنس کے اربوں روپے فراڈ ریفرنس میںنا مزد ایک اور مفرورملزم کو کرا چی سے گرفتار کر لیاہے احتساب عدالت کو ئٹہ کے جج اللہ داد روشان نے گرفتار ملزم کو 7روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کرنے کے احکامات دے دئیے ہیں ۔ نیب ترجمان کے جا ری کر دہ تفصیلات کے مطابق قومی احتسا ب بیورو بلوچستان نے تھری اے الائنس فراڈ کیس میں کاروائیوں کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے اربوں روپے فراڈ کیس میں مفرور فراڈ کمپنی کے ڈائریکٹر فیصل خان کو کراچی سے گرفتار کر کے انہیںاحتساب عدالت کوئٹہ کے جج اللہ داد روشان کے روبرو پیش کر کے ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جسے منظور کر تے ہو ئے احتساب عدالت کے جج نے ملزم کو 7روزہ جسمانی ریمانڈپرنیب کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔واضح رہے 3Aالائنس نامی کمپنی نے کوئٹہ سمیت اندرونِ بلوچستان اور سندھ کے چندشہروں میں اپنے دفاتر بنا کر عوام سے اربوں روپے سرمایہ کاری کی مد میں وصول کئے، سرمایہ کاری کرنے والوں کو کچھ عرصہ منافع کی رقم بھی ملتی رہی لیکن ملزمان اچانک تمام دفاتر بند کر کے روپوش ہو گئے۔ عوام الناس کی جانب سے شکایات موصول ہونے پر ڈی جی نیب بلوچستان نے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیتے ہوئے تھری الائنس کمپنی کے خلاف فوری تحقیقات کا حکم دیا ۔نیب بلوچستان انٹیلی جینس ٹیم کی مسلسل نگرانی کے بعد کیس میں مطلوب اب تک ملزمان ندیم جگا، احمد جان، جلات خان، شادی خان شاہد گل اور سید میر کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ کیس کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے جعلساز کمپنی کے ڈائریکٹر کامران انجم عابدی کو گزشتہ ماہ جبکہ دوسرے ڈائریکٹر فیصل خان کو آج کراچی سے گرفتار کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ عوام الناس سے فراڈ کیس میں مرکزی ملزم کاشف قمر سمیت 25افراد کے خلاف تقریبا 7 ارب روپے فراڈ کا ریفرنس بھی احتساب عدالت کوئٹہ میں دائر کیا جا چکا ہے۔ کیس کا مرکزی ملزم کاشف قمر تاحال روپوش ہے ، تاہم مرکزی ملزم کی جلد ازجلد گرفتاری کے لئے ڈی جی نیب کی ہدایا ت کی روشنی میں کوششیں جاری ہیں۔


