اداروں کی نجکاری،صوبوں کو ان کے آئینی اختیارات و رقوم سے محروم رکھنے کی سازشیں لمحہ فکریہ ہے‘ بلاول بھٹو

لاہور:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ محنت کش طبقہ خصوصاً دیہاڑی دار مزدور کرونا وائرس کے باعث معاشی خرابی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے،عالمی معیشت سکڑ رہی ہے، حکومتوں پر لازم ہے کہ وہ محنت کشوں کا ساتھ دیں۔ یوم مئی پر اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ مہلک وبا ء نے نیو لبرل معاشی پالیسیوں کی خامیوں کو بے نقاب اور حکومتوں کی مزدور دشمن پالیسیوں کو ننگا کردیا ہے،مذکورہ پالیسیاں بہت سارے لوگوں کو نقصان دے کر مٹھی بھر افراد کو فائدہ پہنچانے والی ہوتی ہیں،وفاقی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ وبا ء کے دوران غریبوں اور دہاڑی دار مزدوروں کو جلد امداد کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ غریب مزدوروں کو منافع خوروں کے رحم و کرم پر بے یارومددگار چھوڑ دیا گیا ہے،ریاست نے مزدوروں و محنت کشوں کے حقوق کو تحفظ دینے کی ذمہ داری کا بوجھ اپنے کندھوں سے اتار دیا ہے،موجودہ حالات میں اداروں کی نجکاری اور صوبوں کو ان کے آئینی اختیارات و رقوم سے محروم رکھنے کی سازشیں لمحہ فکریہ ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کے دوران کسی بھی ملازم کے ملازمت سے نکالنے پر پابندی عائد کی ہے،سندھ میں لاکھوں بیروزگار مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کو ان کے گھروں کی دہلیز پر راشن فراہم کیا گیا۔ا نہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بے روزگار مزدوروں کو حکومت کی طرف سے مقرر کردہ کم سے کم اجرت کی بنیاد پر اس وقت تک مالی امداد فراہم کرے جب لاک ڈاؤن کو ختم کرنے اور لوگوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالے بغیر کام پر واپس بھیجنا ممکن نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مزدور ہی ہیں جو معیشت اور معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،پیپلز پارٹی کے بنیادی اصولوں پر سختی سے کاربند رہتے ہوئے محنت کش طبقے کی حفاظت کریں گے،ایسی معیشت کی تشکیل دیں گے جہاں مزدوروں کا استحصال نہ ہو،یہ پیپلز پارٹی ہی ہے جس نے ملک میں پہلی لیبر پالیسی کا اجرا ء کیا اور مزدوروں کی محنت کی قدر کو تسلیم کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیپلز پارٹی ہی ہے جس نے بینظیر اسٹاک آپشن سکیم نافذ کرکے ملازمین کو پیداواری منافع اور دولت میں شراکت دار بنایا،یہ بھی پیپلز پارٹی ہی ہوگی جو صنف، ذات پات اور نسل کے امتیاز سے بالاتر ہوکر پاکستان میں مزدوروں کے استحصال کے خاتمے کیلئے جدوجہد کرتی رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں