مقامی حکومتوں کو با اختیار بنانے سے متعلق سندھ حکومت سے جواب طلب
کراچی (انتخاب نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے مقامی حکومتوں کو با اختیار بنانے سے متعلق ایم کیو ایم پاکستان، جماعت اسلامی کی درخواستوں پر سندھ حکومت کو جواب کے لیے آخری مہلت دیتے ہوئے سماعت 28 اپریل کے لیے ملتوی کردی۔سندھ ہائیکورٹ میں مقامی حکومتوں کو با اختیار بنانے سے متعلق ایم کیو ایم پاکستان، جماعت اسلامی کی درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ایم کیو ایم وکیل طارق منصور ایڈووکیٹ اور جماعت اسلامی کی جانب سے ندیم احمد ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ جونیئر وکیل نے بتایا کہ جماعت اسلامی کے وکیل بیرسٹر صلاح الدین احمد اسلام آباد میں مصروف ہیں۔ طارق منصور ایڈوکیٹ نے موقف اپنایا کہ بلدیاتی انتخابات ہونے جا رہے ہیں، ترقیاتی کام روکے جائیں۔ سپریم کورٹ فیصلے کے تحت ترقیاتی کاموں کو روکا جائے۔ چاہتے ہیں سپریم کورٹ کی حالیہ ججمنٹ پر عمل درآمد کیا جائے۔ سپریم کورٹ مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے کا حکم دے چکی۔ سرکاری وکیل نے جواب کے لیے مہلت طلب کرلی۔ ڈپٹی ایڈوکیٹ جنرل نے موقف دیا کہ جواب جمع کرانے کے کچھ وقت دیا جائے۔ عدالت نے سندھ حکومت کو جواب کے لیے آخری مہلت دیتے ہوئے سماعت 28 اپریل کے لیے ملتوی کردی۔


