عمران خان نےملک میں سویلین مارشل لاءنافذ کیا،احسن اقبال
اسلام آباد:احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں سویلین مارشل لاء نافذ کرکے آئین کو عمران خان اور اس کے ساتھیوں نے پامال کیابدھ کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کےباہر پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما احسن اقبال نے صحافیوں سے بات کرتےہوئے کہا کہ پاکستان میں سویلین مارشل لاء نافذ کرکے آئین کو عمران خان اور اس کے ساتھیوں نے پامال کیا۔
انھوں نے کہا کہ 3نومبر کوجنرل(ر) پرویزمشرف نےایمرجنسی لگائی تھی اور اب سب کچھ وہی ہورہا ہے،اس بار3اپریل کو عمران نیازی نے اپنی کرسی بچانے کے لیے پاکستان کے آئین کو ذبح کردیا ہے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ آئین ریاست کی بنیاد ہوتا ہے وہ شہریوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے،آئین کو روندنے کے بعد ریاست کھوکھلی ہوجاتی ہے،فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان کی چوری پکڑی جاچکی ہے اورپوری دنیا میں امریکہ کے اندر قوانین کی خلاف ورزی کر کے منی لانڈرنگ کی گئی ہے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان امریکہ میں دو تحقیقات کا سامنا کررہا ہے،غیر قانونی ذرائع سے فنڈنگ کیس میں عمران نیازی انڈر انویسٹی گیشن ہے،عمران خان کوعارف نقوی کی سزا میں بھی تحقیقات کا سامنا ہے، انھوں نے جان بچانے کے لیے پورے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو داد پر لگا دیا
احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نےغیرقانونی فنڈنگ سےفرارحاصل کرنے کے لیے امریکہ کے تعلقات کو داؤ پر لگا دیا،جب عمران کو اتحادی چھوڑ جاتے ہیں تو ان کوسازش نظر آنے لگتی ہے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ خلیجی ممالک سے بھی عمران خان نےتعلقات خراب کردئیےہیں،خلیجی ممالک سے ملنے والے تحائف عمران خان نےفروخت کردئیے اوروہ اب پاکستان کے لیے شرم کا باعث بن چکے ہیں۔


